10 جولائی 2013 - 19:30
فلسطینی قیدیوں کی صورت حال تشویشناک

غاصب صہیونی حکومت کی جیلوں میں بند فلسطینی قیدیوں کی بدترین صورت حال کے حوالے سے عالمی تشویشوں پر مبنی خبریں منظر عام پر آنا شروع ہوگئی ہیں ۔اس ضمن میں عرب لیگ نے عالمی برادری سے ، صہیونی حکومت کی جیلوں میں بند فلسطینی قیدیوں کی جان بچانے کے لئے فوری اقدامات انجام دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

ابنا: عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نبیل العربی نے آج اپنے ایک بیان میں اعلان کیا ہے فلسطینی قیدی کہ جو صہیونی حکومت کی جیلوں اور اسپتالوں میں بھوک ہڑتال کر رہے ہیں ، ان کی صورت حال انتہائی تشویشناک ہے اور عالمی برادری خاصطور پر اقوام متحدہ ، ریڈ کراس کی عالمی کمیٹی اور انسانی حقوق کی تنظیمیں حتمی طور پر فلسطینیوں کی جانوں کو بچانے کے لئے فوری اقدامات انجام دیں ۔نبیل العربی نے مزید کہا کہ عبداللہ برغوثی ان جملہ قیدیوں میں سے ہے کہ جو رواں مہینے کے اوائل سے بھوک ہڑتال پر بیٹھا ہوا ہے اور اس کی جسمانی صورت حال نہایت ہی تشویشناک ہے ۔ عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نے وضاحت کی کہ فلسطینی قیدیوں کے خلاف صہیونی حکومت کی انتقامی کاروائیاں اور ان کے خلاف تشدد آمیز رویّہ ناقابل قبول اور اس پر خاموشی اختیار نہیں کی جاسکتی ، انہوں نے تاکید کی کہ عرب لیگ صہیونی جیلوں میں بند فلسطینی قیدیوں کی بھوک ہڑتال کے مسئلہ کو سنجیدگی کے ساتھ دیکھ رہی ہے ۔ قابل ذکر ہے حالیہ دنوں میں فلسطینی قیدیوں کے خلاف صہیونی حکومت کے جرائم میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے اور اس دائرے میں غاصب صہیونی حکومت کے فوجیوں نے آج پھر النقب جیل میں فلسطینی قیدیوں پر حملہ کیا ہے ۔ فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے لئے بنائی جانے والی کمیٹی کے سیکریٹری ریاض اشقر نے اعلان کیا ہے کہ صہیونی حکومت کے فوجیوں نے النقب جیل میں فلسطینی قیدیوں پر حملہ کیا ہے اور فلسطینی قیدیوں کی تلاشی کی کاروائی کا آغاز کررکھا ہے اور اس دوران فلسطینی قیدیوں کے ساتھ صہیونی حکومت کے فوجیوں کا رویّہ نہایت ہی تشدد پسندانہ رہا ہے ۔ ریاض اشقر نے مزید کہا کہ فلسطینی قیدیوں کی جامہ تلاشی اور ان سے باز پرس کا سلسلہ کئی گنھٹے تک جاری رہا ہے ۔ ریاض اشقر نے اسی طرح صہیونی حکومت کے جرائم اور سازشوں کے مقابلے میں فلسطینی قیدیوں کی حمایت کے لئے بین الاقوامی تنظیموں سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا اور ماہ مبارک رمضان کے احترام میں  فلسطینی قیدیوں کے خلاف صہیونی حکومت کے اشتعال انگیز اقدامات کو فوری طورپر بند کیئے جانے پر زور دیا ۔ یہ ایسی صورت حال میں اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی قیدیوں کی سرکوبی کے حوالے سے صہیونی حکومت کی غیر انسانی تربیت پر مبنی تصاویر کو فیزبک پر ڈاؤ لوڈ کردیا ہے اور یہ اسرائیلی فوجی فلسطینی قیدیوں کی توہین کو صہیونی حکومت کی فوج میں اپنی خدمات کے دوران کے بہترین لمحات سے تعبیر کرتے ہیں۔بہرحال خبروں سے اس بات کی عکاسی ہوتی ہے کہ قیدی کے خلاف صہیونی حکومت کے جرائم صرف ان کی قید کے زمانے تک محدود نہیں ہیں اور فلسطینیوں کے خلاف اس حکومت کے جرائم مختلف انداز سے جاری ہیں ۔ صہیونی حکومت کے حکام نے دو فلسطینی قیدیوں کو اس حکومت کی جیل سے رہائی کے بعد بیت المقدس سے نکال باہر کیا۔قابل ذکر ہے کہ اسرائیل کی جیلوں میں بند فلسطینی قیدیوں کی صورت حال کے حوالے سے عالمی تشویشوں کے ساتھ ہی کچھ دنوں قبل اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے خصوصی رپورٹر ریچرڈ فالک نے اعلان کیا تھا کہ فلسطینی قیدیوں کے خلاف اسرائیل کے جرائم وحشتناک ہوچکے ہیں ۔   
.......
/169