24 مئی 2013 - 19:30
گجرات،منگووال کے قریب اسکول وین کا سلنڈر پھٹ گیا، ٹیچر اور 19 بچے جاں بحق باتصویر

امدادی اداروں نے لاشوں اور زخمی بچوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا۔ ذرائع کے مطابق ویگن میں بیس سے پچیس بچے سوار تھے۔ حادثے کے بعد ویگن ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔

ابنا: گجرات میں سکول وین کا سلنڈر پھٹنے سے انیس بچے اور ایک اسکول ٹیچر جھلس کر جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ کوٹ متہ کے بچے اپنی وین میں اسکول جا رہے تھے کہ منگووال کے قریب وین کا سلنڈر پھٹ گیا، جس سے 19 بچے اور ان کی ایک ٹیچر جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔ حادثے میں متعدد بچے زخمی بھی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں آٹھ سے پندرہ سال کے درمیان ہیں۔ امدادی اداروں نے لاشوں اور زخمی بچوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا۔ ذرائع کے مطابق ویگن میں بیس سے پچیس بچے سوار تھے۔ حادثے کے بعد ویگن ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔

دیگر ذرائع کے مطابق گجرات میں گیس سلنڈر پھٹنے سے اسکول وین میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں 17 بچے جاں بحق اور 5زخمی ہوگئے۔ ڈی پی او نے سترہ بچوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی۔ رپورٹ کے مطابق منگووال کے قریب اسکول وین میں نصب گیس سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا۔ جس کے نتیجے میں وین میں آگ لگ گئی۔ وین میں 22 بچے سوار تھے۔ امدادی ٹیموں نے وین میں لگی آگ پر قابو پایا اور متاثرہ بچوں کو نکال کر مقامی اسپتال منتقل کیا ہے۔ وین ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا ہے۔ جاں بحق ہونے والے بچے نرسری سے آٹھویں جماعت تک کے تھے۔

.......

/169