22 مئی 2013 - 19:30
پاکستان کی ترقی چین کے لیے انتہائی اہم

چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ نے پاکستان کی ترقی کو چین کے لئےانتہائی اہم قرار دیا ہے۔

ابنا: چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ نے پاکستان کی ترقی کو چین کے لئےانتہائی اہم قرار دیا ہے، پاکستانی سینیٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی ہر طرح مدد کریں گے۔۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تاریخی تعلقات ہیں، پاکستان اور چین کی دوستی مضبوط ہے، ہم نے ہر مشکل میں ایک دوسرے کی حمایت اورتعاون کیا ہے، پاکستانی سینیٹ سے خطاب میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ چینی وزیر اعظم لی کی چیانگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن کے لیے بہت کام کیا اور تمام تر چیلنجز کے باوجود ترقی حاصل کی،پاکستانی جفاکش اور محنتی لوگ ہیں، ہم پاکستان کو سلیوٹ کرتے ہیں۔
چینی وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری کی حمایت جاری رکھے گا۔اس سے قبل جب چینی وزیر اعظم سینیٹ سے خطاب کیلئے پہنچے تو چیئرمین سینیٹ سید نیرحسین بحاری نے ان خیرمقدم کیا اور دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔
دوسری طرف چین نے پاکستان کو توانائی کے بحران کے خاتمے میں مدد کی پیش کش کی ہے۔ دونوں ملکوں نے اقتصادی اور تکنیکی شعبوں میں کئی معاہدوں پر دستخط بھی کیے۔ چینی وزیر اعظم لی کی چیانگ کا کہنا ہے کہ پاک چین مشترکا اقتصادی کوریڈور بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے
صدر زرداری کے ساتھ مشترکا نیوز کانفرنس میں چینی وزیر اعظم نے کہا کہ چین اور پاکستان میں پاورجنریشن کے منصوبوں میں تعاون کوترجیح دی جانی چاہیے تاکہ توانائی کے بحران کاخاتمہ کیاجاسکیجوپاکستانی معیشت کونقصان پہنچارہاہے۔ ان کاکہناتھاکہ پاک چین اقتصادی کوریڈورسے جنوب اورمشرقی ایشیا کے ممالک کوفائدہ ہوگا۔ صدر زرداری نے مختلف منصوبوں کے لیے 5 کروڑ یو آن دینے پر چینی وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ پاکستان اورچین کے درمیان میری ٹائم ٹریفک، سرحدی چوکیوں کے انتظامی نظام، طویل مدت اقتصادی راہداری، اقتصادی اورتکنیکی شعبوں میں تعاون،سمندری سائنس وٹیکنالوجی،سیٹلائٹ نیوی گیشن سسٹم، خلائی ٹریفک کے نظام سمیت دیگر معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کیے گئے ہیں۔ گوادرپورٹ کے مکمل ہونے پرخلیجی ملکوں سے آئل شپنگ کیلئے آبنائے ہرمزپردارومدارنہیں رہے گا۔اس رہ گزرکوچینی بحریہ بھی استعمال کرسکے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲