ابنا: امریکی ریاست میسا چوسیٹس کے شہر بوسٹن میں جاری میراتھن ریس کی اختتامی لائن پر دو دھماکے ہوئے جن کی آواز دور تک سنی گئی ۔۔ دھماکوں کے بعد افراتفری پھیل گئی تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا دھماکوں میں 12 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے کئی ایک کی حالت نازک بتائی جاتی ہے جبکہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے.ابتدائی اطلاعات کے مطابق بوسٹن میں سالانہ میراتھن ریس جاری تھی جس میں 96 ممالک کے تقریباً 27 ہزار افراد شریک تھے۔ پولیس اور عینی شاہدین کے مطابق ریس کے شرکاء اختتامی لائن کے قریب پہنچے تو سڑک کے کنارے زوردار دھماکا ہوا۔ چند سیکنڈ بعد قریب ہی ایک اور دھماکا ہوا جس کے بعد افرا تفری پھیل گئی۔ دھماکے انتہائی زور دار تھے جن سے عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور املاک کو نقصان پہنچا،دھماکوں کے فوری بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔ زخمیوں کو اسپتال پہنچایا گیا جن میں سے کچھ کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ واقعے کے بعدبوسٹن میں موبائل فون سروس بند کردی گئی۔ سیکیورٹی اہل کاروں نے متاثرہ علاقہ سیل کردیا اور پروازوں پر بھی عارضی پابندی لگادی گئی۔صورت حال کی مانیٹرنگ کے لئے وائٹ ہاوٴس میں اسپیشل سیل بھی قائم کردیا گیا ہے۔نیویارک اور واشنگٹن سمیت دیگر ریاستوں میں بھی سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی جبکہ وائٹ ہاوٴس کے ارد گرد کا علاقہ بند کردیا گیا۔کڑے سیکیورٹی انتظامات کی دعوے دار انتظامیہ دھماکوں کے بعد شدید مشکلات کا شکار نظر آئی اور بوسٹن شہر میں پروازوں اور ٹرینوں کی آمد و رفت کو معطل کر دیا گیا. دھماکوں کے بعد اسٹاک مارکیٹ شدید مندی کا شکار ہو گئی اور نیویارک اور بوسٹن میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے.
.....
/169