14 ستمبر 2012 - 19:30

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے مختلف اضلاع میں مسلمانوں نے آنحضرت ۖ کی شان میں گستاخی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرکے امریکی اور اسرائیلی پرچم نذر آتش کئے –

ابنا: سرینگر سے موصولہ رپورٹ کے مطابق امریکہ میں بنائی گئی توہین آمیز فلم کے خلاف وادی  بھر میں احتجاجی مظاہروں کے دوران امریکی اورصہیونی پرچم نذر آتش کئے گئے جبکہ مائسمہ، بارہمولہ اور کپوارہ میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان پر تشدد جھڑپوں میں ایک سب انسپکٹر اور 5اہلکاروں سمیت درجن بھر افراد زخمی ہوگئے ۔رپورٹ کے مطابق جمعہ کو نماز کے بعد وادی کے طول و عرض میں ہزاروں مسلمانوں  نے سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرے کئے جس کے دوران اسلام اور رسالت کے حق میں نعرہ بازی کی گئی اور متعدد مقامات پر مظاہرین نے اپنے غم و غصے کا اظہار کرنے کیلئے امریکی پرچم نذر آتش کر ڈالے ۔اس موقع پر کشمیر بھر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے اور حساس علاقوں میں پولیس اور سی آر پی ایف اہلکاروں کو جگہ جگہ تعینات کر دیا گیا تھا جبکہ انتظامیہ نے تقریباً تمام حریت رہنماؤں کو گھروں میں نظربند کردیا تھا جس کا مقصد انہیں عوامی اجتماعات سے خطاب کرنے سے روکنا تھا-...../169