ابنا: لندن ميں پاکستان کے ہائی کمشنر واجد شمس الحسن نے ایک برطانوی اخبار کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ پاکستان کے امریکہ کے ساتھ تعلقات انتہائی تنزلی کا شکار ہیں اور برداشت جواب دے رہی ہے ، ڈرون حملوں سے صورتحال خراب اور دہشتگردی کیخلاف جنگ متاثر ہوسکتی ہے۔
انہوں نے برطانیہ پر زوردیا ہے کہ وہ سینکڑوں بے گناہ افراد کا قتل عام روکنے کیلئے امریکہ کو یہ حملے بند کرنے پر پاکستان کے ساتھ مل کر قائل کرے واجد شمس الحسن نے کہا کہ وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کو چاہیے کہ وہ پاکستان کے قبائلی علاقوں پر القاعدہ اور طالبان کیخلاف ڈرون حملے بند کرے کیونکہ یہ جنگی جرائم اور ریاستی قتل کے زمرے میں آتے ہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے اگر ایران پر حملہ کیا تو پاکستان کیلئے اس کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں ہوگا کہ وہ ایران کی حمایت کرے ۔ ہائی کمیشنر نے کہا کہ وقت تیزی سے گزر رہا ہے اور حکومت پاکستان کوئی بھی موقف اختیار کرسکتی ہے اور ہم ان ڈرون حملوں کو روکنے کیلئے کسی بھی اقدام سے گریز نہیں کرینگے ،ہم اپنی سرحدوں کا دفاع کرنا جانتے ہیں ۔
ادهرپاکستان کے قبائلی علاقہ شمالی وزیرستان کے ميرانشاہ ميں امریکی جاسوس طيارے کے حملے میں 10 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
پاکستانی ذرائع کے مطابق شمالي وزيرستان ميں ميرانشاہ کے رزمک روڈ سپلگہ کے علاقے ميں امریکی جاسوس طيارے نے ايک مکان کو نشانہ بنايا اوراس پردو ميزائل فائر کئے جس سے مکان ميں آگ لگ گئي اور 10 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ متعد زخمي ہيں.
واضح رہے کہ تین سالوں کے دوران ڈرون حملوں میں آزاد ذرائع کے مطابق 535شہری مارے گئے جن میں 60بچے بھی شامل ہیں جبکہ پاکستان کا دعویٰ ہے کہ ان حملوں میں ایک ہزار سے زائد افراد مارے گئے ہیں ۔......... /169