21 دسمبر 2011 - 20:30

امریکی فوج نے پاکستان کی سرحدی چوکیوں پرنیٹو حملوں کی تحقیقات مکمل کرلی ہیں۔ امریکی فوج کی رپورٹ میں کہا گيا ہےکہ واقعے کی ذمہ دار امریکہ اور پاکستان دونوں کی افواج ہیں۔ امریکی فوج نے یہ تحقیقاتی رپورٹ پاکستان اور افغانستان کی حکومتوں اور نیٹو ملکوں کی قیادت کو بھجوا دی ہے۔

ابنا: رپورٹ کے مطابق فوجی کارروائي دفاع میں کی گئي تھی اور نیٹو افواج کا پاکستانی فوج پرحملے کا کوئي ارادہ نہیں تھا۔

رپورٹ میں کہا گيا ہے کہ پاکستانی حکام نے نقشوں اور علاقے کے بارے میں دیگر معلومات سے اچھی طرح آگاہ نہیں کیا تھا جس کی وجہ سے پاکستانی چوکیوں کی صحیح لوکیشن واضح نہ ہوسکی۔

امریکی فوج کی رپورٹ میں نیٹو کے حملے کو جائز قرار دیتےہوئے کہا گيا ہے کہ پہلے پاکستانی فوج نے افغاں امریکی مشترکہ اسپیشل فورسز کے اہلکاروں پرفائرنگ کی تھی۔

قابل ذکر ہے کہ پاکستانی فوجیوں پر نیٹو کی فائرنگ میں چوبیس پاکستانی فوجی جاں بحق ہوئے تھے۔

نیٹو کے اس حملے کے بعد پاکستان نے نیٹو کی سپلائي لائنیں بند کر دی ہیں اور امریکہ و نیٹو سے تعلقات پر نظر ثانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔....... /169