17 دسمبر 2011 - 16:17

علامہ سید ساجد علی نقوی کے ترجمان نے کہا ہے کہ وطن عزیز کی سلامتی ' خود مختاری اور استحکام کے لئے داخلی امن و استحکام لازم و ناگزیر ہے اور ملک کے تمام محب وطن طبقات کو ملکی و بین الاقوامی حالات کے تناظر میں اتحاد و وحدت اور اخوت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کے داخلی و خارجی دشمنوں کے خلاف متحد ہونا ہوگا.

ابنا: علامہ سید ساجد علی نقوی کے ترجمان نے کہا ہے کہ وطن عزیز کی سلامتی ' خود مختاری اور استحکام کے لئے داخلی امن و استحکام لازم و ناگزیر ہے اور ملک کے تمام محب وطن طبقات کو ملکی و بین الاقوامی حالات کے تناظر میں اتحاد و وحدت اور اخوت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کے داخلی و خارجی دشمنوں کے خلاف متحد ہونا ہوگا  کیونکہ ایک جانب خارجی محاذوں پر مشکلات درپیش ہیں جس کی تازہ مثال سلالہ چیک پوسٹ پر نیٹو فورسز کے حملے کے نتیجے میں ہونے والا شدید نقصان ہے اور داخلی طور پر ملک کی امن و وحدت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے دشمن شرپسند عناصر بھی پورے ملک خاص طور پر صوبہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں سرگرم ہیں جن کی سرگرمیوں پر نظر رکھتے ہوئے ضروری اقدامات کئے جائیں تاکہ ملک اور اس کے عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔

ایک اخباری بیان میں ترجمان نے مزید کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران تمام مکاتب و مسالک کے عوام نے نواسہ رسول اکرم ۖ  امام عالی مقام   سے جس بے پناہ عقیدت اور والہانہ وابستگی کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے اپنے انداز میں شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا وہ لائق تحسین ہے۔مثالی اتحاد و وحدت کا یہ مظاہرہ امت مسلمہ کو امت واحدہ کے طور پر پیش کرنے کا واضح ثبوت ہے تاہم مٹھی بھر شرپسند عناصر جن کاکسی مکتب فکر سے کوئی تعلق نہیں اور ان کا مذہب و مسلک فقط وفقط شرانگیزی' نفرت و انتشار ' قتل و غارت گری اور دہشت گردی ہے ایسے عناصر نے فرقہ واریت اور فرقہ وارانہ دہشت گردی کو ایک بار پھر سے ہوا دینے کی مذموم کوششیں شروع کررکھی ہیں جن کے موثر سدباب کے لئے ایک طرف اسلامیان پاکستان کو باہم متحد ہوکر ان سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا اور دوسری طرف ریاست اور انتظامیہ کو اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی میں خلوص اور دیانت سے کام لینا ہوگا تاکہ ملک امن و خوشحالی کا گہوارہ بن سکے۔

....... 
/169