سب سے پہلے 31 سالہ فلورنشیو ایوالاس باہر آئے اس موقع پر جذباتی مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔ چلی کے صدر نے فلورنشیو ایوالاس کو گلے لگا کر خوش آمدید کہا۔ فلورنشیو کے اہل خانہ اور دیگر افراد کی بڑی تعداد کان کے باہر ان کے استقبال کے لیے جمع تھی۔ فلورنشیو ایوالاس کے بعد دوسرے کان کن کو بھی تقریبا ایک گھنٹے کے بعد بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ صدر سباسٹین پنیرا ذاتی طور پر ریسکیو آپریشن کی نگرانی کے لیے سائٹ پر موجود ہیں۔ 5 اگست سے کان میں پھنسے مزدوروں کو نکالنے کے لیے خصوصی طور پرتیار کی گئی کیپسیول لفٹ کان میں اتاری گئی اور فلورنشیو ایوالاس کو باہر نکالنے سے قبل کان کا جائزہ لینے کے لیے تکنیکی ماہر کو کان میں بھیجا گیا۔ فینکس نامی لفٹ میں ایک وقت میں صرف ایک فرد سما سکتا ہے اور یہ ایک فرد کے ریسکیو میں ایک گھنٹہ لیتی ہے جبکہ دیگر ضروری معاملات میں کچھ مزید وقت لگتا ہے۔ اس طرح خیال ہے کہ 33 افراد کو کان سے باہر لانے میں 48 گھنٹے کا وقت درکار ہوگا۔ فلورنشیو ایوالاس کی 6 سو میٹر گہرائی سے 68 روز بعد باحفاظت واپسی ایک قسم کا ریکارڈ اور انسانی برداشت کا حیرت انگیز کارنامہ قراردیا جارہا ہے۔ ........
/110