17 ستمبر 2010 - 19:30

غزہ جانیوالے امدادی بحری جہاز کو اسرائیل نے گھیرے میں لے لیا ہے ادھر امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے لیبیا کی حکومت سے کہا ہے کہ وہ کسی غیر ضروری محاذ آرائی سے گریز کرے جبکہ غزہ امداد پہنچانے کے خواہشمند سرکاری چینل استعمال کریں۔

لیبیا کے رفاہی ادارے کی جانب سے غزہ کیلئے بھیجے جانے والے امدادی بحری جہاز کو اسرائیلی نیوی نے گھیرے میں لے لیا ہے۔ انتباہ کے باوجود غزہ کی جانب بڑھ رہا تھا۔ امریکا نے کہا ہے کہ امداد غزہ لے جانے کے خواہش مند ذمہ داری کامظاہرہ کریں۔ قذافی فاؤنڈیشن کے منتظمین نے طرابلس میں بتایا کہ اسرائیلی بحریہ کی جانب سے گھیرے میں لیا گیا امدادی بحری جہاز امالتھیا وارننگ کے باوجود مصری بندرگاہ العَرِیش جانے کے بجائے غزہ کی جانب گامزن تھا۔ اس سے قبل مصری اور اسرائیلی حکام نے کہا تھا کہ امالتھیا آج العَرِیش پر لنگر انداز ہوگا۔ قذافی فاؤنڈیشن کے سربراہ لیبیا کے رہنما معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام ہیں۔ اور امالتھیا کے ذریعے غزہ کے محصور عوام کیلئے دو ہزار ٹن خوارک اور ادویات بھیجی گئی ہے۔دوسری جانب واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان فلپ کراؤلی نے لیبیا کی حکومت سے کہا ہے کہ وہ کسی غیر ضروری محاذ آرائی سے گریز کرے جبکہ غزہ امداد پہنچانے کے خواہشمند سرکاری چینل استعمال کریں۔اُدھراسرائیلی پارلیمان نے خاتون عرب رکن حنین زوابی پر فریڈم فلوٹیلا کے امدادی منصوبے میں شامل ہونے پر ملک سے باہر جانے اور سفارتی پاسپورٹ رکھنے پر پابندی لگادی ہے۔اس سے پہلے کی اطلاعات کے مطابق اسرائیل نے غزہ آنے والے لیبیا کے امدادی جہازکو منگل کی نصف شب تک اپنا راستہ تبدیل کرنے کا الٹی میٹم دیا ہے اور دوسری صورت میں اس کے خلاف فوجی کارروائی کی دھمکی دی ہے۔امدادی جہاز کے ایک منتظم ماشاء اللہ زوائی نے بتایا ہے کہ 'اسرائیلی حکام نے ہمیں آج آدھی رات تک اپنا روٹ تبدیل کرنے کا الٹی میٹم دیا ہے اور کہا ہے کہ امدادی کشتی کا رخ مصر کی بندرگاہ العریش کی جانب موڑ دیا جائے، دوسری صورت میں انہوں نے اپنی بحریہ سے کشتی روکنے کی دھمکی دی ہے'۔زوائی امدادی جہاز کا انتظام کرنے والے لیبیا کے خیراتی ادارے قذافی فاٶنڈیشن کے رکن ہیں۔انہوں نے سیٹلائٹ فون کے ذریعے ایک غیرملکی خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'اسرائیلیوں سے یہ کہا گیا ہے کہ ان کی درخواست کا جائزہ لینے کے بعد کوئی ردعمل ظاہر کیا جائے گا'۔تاہم اسرائیل کی جانب سے امدادی جہاز کو العریش کی جانب لے جانے کے حکم کے ردعمل میں جہاز کے کپتان اوراس پر سوارفاونڈیشن کی ٹیم کے سربراہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ 'ان کی منزل غزہ ہے کوئی اورجگہ نہیں'۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

/110