بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ فیلڈ مارشل، عاصم منیر کی کمانڈ کے دور میں پاکستان کی مشرق وسطیٰ پالیسی میں غیر معمولی حد تک حرکت پیدا ہوئی ہے۔ ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی، غزہ امن کونسل میں رکنیت اور مکہ دفاعی معاہدے کا انعقاد، مغربی ایشیا کے نئے امن آرکیٹیکچر میں اپنا مقام بلند کرنے کے لئے اسلام آباد کی کوششوں کی مثالیں ہیں۔ تاہم انصاراللہ اور سعودی فریق کے درمیان تصادم کی شدت نے قیام امن کے حوالے سے ذمہ داریاں نبھانے میں پاکستان کو کڑی آزمائش سے دوچار کر دیا ہے؛ ایسی آزمائش جس کے لئے معاشی مفادات، جغرافیائی سیاسی پہلوؤں اور پاک فوج کی کمانڈ کے علاقائی عزائم کے درمیان توازن قائم کرنا مشکل، مگر، لازم ہے۔
پاکستان - سعودی دفاعی تعلقات کی سیاسی معیشت
خلیج فارس کے کنارے واقع عرب ریاستوں ـ خصوصاً سعودی عرب ـ سے پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات کا پس منظر کافی طویل ہے۔ سنہ 1967ع کے دفاعی معاہدے اور سنہ 1982ع کے فوجی پروٹوکول نے پہلے ہی مشاورتی و تربیتی تعاون اور سعودی عرب میں پاکستانی افواج کی تعیناتی کے ادارہ جاتی بنیاد فراہم کر دی تھی، اور سنہ 2017 میں [نام نہاد] انسداد دہشت گردی کے خلاف [مبینہ] اسلامی فوجی اتحاد کی کمانڈ کچھ عرصے تک، پاک فوج کے ریٹائرڈ کمانڈر جنرل راحیل شریف کو سونپ دینا بھی ان ہی تعلقات کی توسیع تھی۔
سیاسی معیشت کے تناظر میں، خلیج فارس کی شیخ نشینوں [Sheikhdoms] کو سیکورٹی خدمات کی فراہمی ـ ہمیشہ پاکستانی فوجی اشرافیہ کے لئے ـ مالی وسائل حاصل کرنے اور سیاسی اثر و رسوخ کی دوبارہ بحالی کے ذرائع میں سے ایک رہی ہے۔ اسی نقطہ نظر سے، اپریل سنہ 2015ع میں انصاراللہ کے خلاف عرب اتحاد کی کارروائی میں شرکت کے حوالے سے پاکستان کی پارلیمنٹ کی غیر جانبداری کی قرارداد کو علاقائی پہلوؤں کے علاوہ نواز شریف کی فوجی ادارے سے مسابقت کے تناظر میں بھی دیکھا جا سکتا ہے؛ کیونکہ اس وقت شریف حکومت نے ـ مشترکہ اقتصادی راہداری میں چین کی 46 ارب ڈالر کی ابتدائی سرمایہ کاری کی بنیاد پر، فوج کے مقابلے میں غیر فوجی حصے کی سودے بازی کی صلاحیت مضبوط کرنے کی کوشش کی تھی۔
فوجی اور انٹیلی جنس مداخلت کے پہلو
موجودہ حالات، پاکستان کی سیاست پر عاصم منیر کے بلا مقابلہ غلبے، ستمبر سنہ 2025ع میں سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدےکے انعقاد اور اگست سنہ 2026ع میں مکہ معاہدے کی بنا پر، سنہ 2015ع کے حالات سے بنیادی طور پر مختلف ہیں۔ مکہ معاہدے کی اعلیٰ کمیٹی کے 5 اکتوبر کے فیصلے، ـ جو دفاعی ذمہ داریوں کی انجام دہی اور سعودی عرب میں فوجی صلاحیتوں کی فوری تعیناتی سے متعلق ہے، ـ بھی اس معاہدے کے اعلانیہ مرحلے سے عملی مرحلے کی طرف بتدریج منتقلی کی نشاندہی کرتے ہیں۔
روئٹرز نے 2 اکتوبر سنہ 2026ع کو عدن کو فوجی سازوسامان لے جانے والے چار طیاروں کی روانگی اور سعودی عرب میں تعینات فوجیوں کی تعداد 30 سے 40 ہزار تک بڑھنے کا انکشاف کیا؛ تاہم اسلام آباد نے ان اعداد و شمار کو محض قیاس آرائی قرار دیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تحریر: تہران تھنک ٹینک
ترجمہ: ابو فروہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ