بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی، ـ ابنا؛ شینزین میں چین، امریکہ اور روس کے درمیان ہونے والے سہ فریقی سربراہی اجلاس کی ظاہری سفارتی شکل کے پس پردہ، عالمی نظام کی ازسرنو تشکیل کے لئے بڑی طاقتوں کے درمیان جاری مسابقت کارفرما تھی۔ معاشیات اور بین الاقوامی امور کے ماہر، احمد صالحی نے کہا: اس سربراہی اجلاس نے یورپ کو حاشیے پر دھکیل دیا ہے اور امریکہ کی سابقہ غالب پوزیشن کو چیلنج کیا ہے۔
انٹرویو کا متن درج ذیل ہے:
پانچواں اور آخری حصہ:
سوال: آپ کے خیال میں، سربراہی اجلاس (سمٹ) میں داخل ہوتے وقت ٹرمپ کی کیا پوزیشن تھی؟
جواب: ٹرمپ کو شینزین اجلاس میں داخلے سے پہلے تقریباً دس نمایاں ناکامیوں یا دھچکوں کا سامنا کرنا پڑا تھا، جن میں سے کچھ یہ ہیں:
• وہ چین کے خلاف اس "محاصل کی جنگ" (Tarrif War) میں ہار گیا جس کا آغاز اس نے 2 اپریل 2025 کو کیا تھا؛ ایک ایسا تنازعہ جو نہ صرف چین بلکہ پوری دنیا کے خلاف تھا۔
• وہ دیگر شراکت داروں، ـ جیسے کہ بھارت، یورپ، جنوبی کوریا اور جاپان ـ کے ساتھ معاہدے کرنے میں ناکام رہا۔
• وہ ایران کے ساتھ فوجی محاذ آرائی میں فتح حاصل کرنے میں ناکام رہا، اور ایران کے حوالے سے اپنی سفارتی کوششوں میں کامیاب نہیں ہؤا۔
• وہ روس اور یوکرین کے معاملے میں، جلد امن قائم کرنے کا اپنا وعدہ پورا کرنے میں ناکام رہا۔
امریکہ میں عرب ممالک کی سرمایہ کاری کا انجام
• ملکی سیاسی اور انتخابی میدان میں، انہیں عرب ممالک کی سرمایہ کاری، امریکی معیشت، امریکی عوام کی قوتِ خرید، ریپبلکن پارٹی کے اتحاد، اور یورپی شراکت داروں کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے مشکلات اور ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا۔
• ایران کے ساتھ تنازع سے قبل، عرب ممالک سے 18 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری امریکہ منتقل کرنے کے منصوبے موجود تھے؛ تاہم، ان سرمایہ کاریوں کی موجودہ صورتحال غیر واضح ہے۔
• جے ڈی وینس جیسے ریپبلکن رہنما ٹرمپ سے دوری اختیار کر رہے ہیں۔
• یورپی ممالک واضح طور پر کہہ رہے ہیں کہ امریکہ پر ان کا اعتماد مجروح ہؤا ہے۔
• ٹیکنالوجی کی جنگ ابھی اختتام پذیر نہیں ہوئی ہے، اور چین اس شعبے میں اپنی طاقت میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے۔ اس سربراہی اجلاس کے بعد ایک اور موضوع سامنے آیا، جسے ”ڈونرو ڈاکٹرائن“ (Donro Doctrine) کہا گیا۔ "مونرو ڈاکٹرائن" (Monroe Doctrine) کے مطابق، مغربی نصف کرہ (Western Hemisphere) امریکہ کے دائرہ اثر میں آتا ہے ـ یعنی بنیادی طور پر یہ امریکہ کا علاقہ ہے۔ ٹرمپ، جو اس نظریئے کو بہت پسند کرتے ہیں، نے اسے "ڈونرو ڈاکٹرائن" کا نام دیا ہے؛ جس میں اس نے اپنے نام کا پہلا حصہ (Don) شامل کرکے "Donro Doctrine" کا نام دیا ہے۔
عالمی طاقت کے دائرے سے یورپ کا اخراج
یورپی نقطہ نظر سے، شینزین میں ہونے والے سہ فریقی سربراہی اجلاس میں ٹرمپ کے اقدامات کا مطلب اثر و رسوخ کے دائروں کی ایک مخصوص تقسیم ہے:
• مغربی نصف کرہ امریکہ کے لیے،
• یورپ روس کے لئے،
• ایشیا چین کے لئے۔
یورپ کے لئے، اس طرزِ عمل کا مطلب یہ ہے کہ روس کے ساتھ کسی بھی ممکنہ تنازع میں امریکہ اب شاید اس کی حمایت نہ کرے۔ نتیجتاً، ٹرمپ خود اعتمادی کے ظاہری اظہار کے باوجود، دیگر دو صدور کے ساتھ، کمزور پوزیشن کے ساتھ، بیٹھا تھا۔
یہی اس سربراہی اجلاس کا مضمر پیغام (یا ماورائے متن یا بین السطور Subtext or Meta text) ہے: امریکہ اب عالمی طاقت کے کئی اہم پہلوؤں میں سرِفہرست نہیں رہا؛ ان حالات میں، وہ دیگر بڑی طاقتوں کے ساتھ مل کر اپنے اثر و رسوخ کے دائرے کو مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
اس قاعدے میں، یورپ سب سے بڑا نقصان اٹھانے والا فریق ثابت ہؤا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بقلم: لیلا معتمد منفرد
ترجمہ: ابو فروہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ