بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی، ـ ابنا؛ شینزین میں چین، امریکہ اور روس کے درمیان ہونے والے سہ فریقی سربراہی اجلاس کی ظاہری سفارتی شکل کے پس پردہ، عالمی نظام کی ازسرنو تشکیل کے لئے بڑی طاقتوں کے درمیان جاری مسابقت کارفرما تھی۔ معاشیات اور بین الاقوامی امور کے ماہر، احمد صالحی نے کہا: اس سربراہی اجلاس نے یورپ کو حاشیے پر دھکیل دیا ہے اور امریکہ کی سابقہ غالب پوزیشن کو چیلنج کیا ہے۔
انٹرویو کا متن درج ذیل ہے:
چوتھا حصہ:
سوال: چین کس حد تک ریاستہائے متحدہ (امریکہ) کی پوزیشن کو چیلنج کرنے میں کامیاب رہا ہے؟
جواب: درحقیقت، بڑی طاقتوں کے درمیان کشمکش عام طور پر دنیا کو آپس میں بانٹنے اور اس پر کنٹرول حاصل کرنے کے گرد گھومتی ہے۔ اگرچہ چینی قوم دیگر ممالک کے ساتھ تجارت کرنے پر یقین رکھتی ہے، اور ان کا یہ بھی ماننا ہے کہ کسی کو بھی ان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہئے۔ چینی تاریخ میں آپ کو ایسا رویہ ـ جیسا کہ غیر ملکی سرزمینوں پر جارحانہ حملے کا کوئی واقعہ ـ نہیں ملے گا جو پرتگالیوں، ہسپانویوں، برطانویوں، امریکیوں اور ولندیزیوں کے اقدامات کی خصوصیت رہا ہے۔
اس کے باوجود، ایک گہری سطح پر، عالمی نظام ـ جس کی تعریف طاقت اور اس کے مختلف اجزاء سے کی جاتی ہے ـ تبدیلی کے عمل سے گذر رہا ہے۔ چین ایک ابھرتی ہوئی طاقت ہے، جبکہ ریاستہائے متحدہ ایک زوال پذیر طاقت ہے؛ یہ دونوں ممالک آٹھ کلیدی میدانوں میں ایک دوسرے کے مدِ مقابل ہیں:
• تعلیم اور افرادی قوت (Human Resources)،
• معاشی مسابقت اور پیداواری صلاحیت (Economic Productivity)،
• جدت اور ٹیکنالوجی،
• عالمی تجارت میں حصہ،
• مالیاتی طاقت اور سرمایہ کاری،
• عسکری طاقت،
• داخلی استحکام اور طرزِ حکمرانی، اور
• قرضوں کے چکر (Debt cycles) اور بانڈ و قرض کی منڈیوں کی وسعت اور گہرائی۔
امریکہ کو عسکری میدان اور اپنی قرض کی منڈیوں کی گہرائی کے معاملے میں برتری حاصل ہے؛ تاہم، چین نے دیگر کئی جہتوں میں ایک مضبوط پوزیشن قائم کر لی ہے۔ یہاں تک کہ طرزِ حکمرانی اور داخلی استحکام کے حوالے سے بھی ـ اس کے برعکس جو ہم طویل عرصے سے فرض کرتے رہے تھے ـ چین کوئی غیر مستحکم ملک نہیں ہے۔ درحقیقت، حالیہ برسوں میں یورپ اور امریکہ کو زیادہ بڑے داخلی چیلنجوں اور عدم استحکام کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ میری نظر میں، طرزِ حکمرانی اور داخلی استحکام کے معاملے میں چین اس وقت امریکہ کے مقابلے میں بہتر پوزیشن پر ہے۔
نکتہ یہ ہے کہ اس نوعیت کی ملاقاتوں میں کوئی بھی محض تصویریں بنوانے یا نمائشی فوٹو سیشنز کے لئے نہیں آتا۔ درحقیقت، آپ وہاں ایک ایسا "چیک" کیش کروا رہے ہوتے ہیں جس کی پشت پر وہ وسائل یا طاقت موجود ہوتی ہے جو آپ نے طاقت کے ان آٹھ میدانوں میں پسِ پردہ جاری رہنے والی مسابقتوں کے ذریعے حاصل کی ہوتی ہے۔ سوال یہ ہے کہ: آپ کے پاس درحقیقت کتنا سرمایہ (طاقت) موجود ہے، اور کیا آپ کو برتری حاصل ہے؟
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بقلم: لیلا معتمد منفرد
ترجمہ: ابو فروہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ