اہلِ بیت(ع) انٹرنیشنل نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، شیخ ابراہیم زکزاکی نے اتوار، 12 جمادی الثانی 1448 ہجری، کو نائجیریا کے شہر ابوجا میں اسلامی تحریک کے دو روزہ میڈیا فورم کی اختتامی تقریب سے خطاب کیا۔
انہوں نے اس تقریب میں اطلاعات کی فراہمی اور پیغام پہنچانے کے شعبے میں سرگرمیوں کو اہم اور قابلِ قدر اقدام قرار دیا۔ رسول اکرمﷺ کے دور میں پیغام رسانی کے کردار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عہدِ رسالت میں دین کا پیغام لوگوں تک پہنچانے کی کوششوں نے اسلام کے پھیلاؤ میں مؤثر کردار ادا کیا تھا۔
نائجیریا کی اسلامی تحریک کے رہنما نے موجودہ دور میں ذرائع ابلاغ میں تبدیلیوں اور ٹیکنالوجی کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے سوشل میڈیا کو آج کی دنیا میں پیغام پہنچانے کے اہم ترین ذرائع میں سے ایک قرار دیا اور اس صلاحیت سے درست اور بامقصد انداز میں فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
شیخ زکزاکی نے سوشل میڈیا کے غلط استعمال، بالخصوص دوسروں کی توہین، گالی گلوچ اور بے احترامی سے خبردار کرتے ہوئے واضح کیا: ’’ہم چاہتے ہیں کہ سوشل میڈیا کے استعمال کے طریقۂ کار میں تبدیلی اور بہتری آئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی تحریک کے ارکان کا میڈیا کے حوالے سے رویہ دوسروں سے مختلف اور ممتاز ہونا چاہیے۔ ان کے بقول: ہمارے طرزِ عمل اور دوسروں کے طرزِ عمل میں واضح فرق ہونا چاہیے۔
نائجیریا کی اسلامی تحریک کے رہنما نے اپنی تقریر کے ایک اور حصے میں تحریک کے پیروکاروں کے علمی اور فکری مقام کا ذکر کرتے ہوئے کہا: ’’ہمیں دوسروں کے لیے استاد ہونا چاہیے اور انہیں ہم سے سیکھنا چاہیے۔
انہوں نے اختتام پر حکمت، عقل مندی، علم اور توہین و بے حرمتی سے اجتناب کو سوشل میڈیا پر پیغام پہنچانے اور دوسروں کے ساتھ تعامل کے بنیادی اصول قرار دیا اور میڈیا سرگرمیوں میں ان اقدار کی پابندی پر زور دیا۔
یہ دو روزہ فورم نائجیریا کی اسلامی تحریک کی میڈیا صلاحیتوں کا جائزہ لینے اور اس کی اطلاعاتی سرگرمیوں کو بہتر بنانے کے مقصد سے منعقد کیا گیا تھا، جس کا اختتام تحریک کے رہنما کے خطاب کے ساتھ ہوا۔
آپ کا تبصرہ