بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ چین کے شہر شینزین (Shenzhen) میں ڈونلڈ ٹرمپ، ولادیمیر پیوتن اور شی جن پنگ کے درمیان ملاقات کے سرکاری اعلان کے بعد، کچھ تجزیہ کاروں نے "یالٹا کانفرنس" (Yalta Conference) کی یاد تازہ کرتے ہوئے عندیہ دیا تھا کہ مذاکرات کے نتیجے میں عالمی نظام میں ایک بار پھر تبدیلی آ سکتی ہے؛ اور ممکنہ طور پر ایسے اقدامات عمل میں لائے جا سکتے ہیں جو ایران کے خلاف ہوں۔
یالٹا کانفرنس 20ویں صدی کے اہم ترین سیاسی سربراہی اجلاسوں میں سے ایک تھی۔ یہ کانفرنس فروری سنہ 1945ع میں ـ دوسری عالمی جنگ کے آخری ایام میں ـ جزیرہ نما کریمیا (Crimea) کے شہر یالٹا میں منعقد ہوئی، اور اس میں تین بڑی اتحادی طاقتوں ـ امریکہ، برطانیہ اور سوویت یونین ـ کے رہنما اکٹھے ہوئے۔
دوسرا حصہ:
ان توقعات کو اس وقت مزید تقویت ملی جب خبر رساں ادارے "روئٹرز" نے امریکی انتظامیہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ دی کہ ٹرمپ اس سہ فریقی ملاقات کے دوران ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی ممکنہ جنگ کا معاملہ اٹھانے کا ارادہ رکھتا ہے؛ اور چونکہ روس اور چین طویل عرصے سے ایران کے سیاسی اور اقتصادی اتحادی رہے ہیں، اسی لئے اس ملاقات کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی تھی۔
تمام اندازے غلط ثابت ہوئے
چنانچہ، ـ تمام قیاس آرائیوں کے برعکس، ٹرمپ، پیوٹن اور شی (جن پنگ) کے درمیان ملاقات کے بعد ـ جاری ہونے والا حتمی بیان بہت سوں کے لئے حیران کن تھا۔ اس بیان میں ایران یا یوکرین کا کہیں ذکر نہیں کیا گیا تھا!
بیان کے اہم نکات یہ تھے:
- اقوام متحدہ کے ڈھانچے میں اصلاحات؛
- پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار اور فراہمی میں اضافہ؛
- بین الاقوامی عدالتی اداروں کے دائرہ اختیار سے سرکاری عہدیداروں کا استثنیٰ (immunity)؛
- جوہری خطرات کم کرنا اور جوہری ہتھیاروں کا پھیلاؤ روکنا۔
اس واقعے سے صرف ایک روز قبل۔۔۔ شینزین میں ہونے والی ایک ملاقات میں، روس اور چین نے ایران کے ساتھ ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے اپنے اس اتحادی کی حمایت کا اعادہ کیا۔
بدھ کے روز جاری ہونے والے اس بیان میں، تینوں ممالک نے ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی فوجی جارحیت کو مسترد کر دیا۔
اس مشترکہ بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ایران کی جوہری تنصیبات میں معائنے کا عمل تب ہی دوبارہ شروع ہو سکتا ہے جب اس ملک کے خلاف دھمکیاں اور فوجی کارروائیاں ختم ہونگی۔
تینوں ممالک نے اس بات پر زور دیا کہ 'سیف گارڈز' (نگرانی کے ضوابط) کے نفاذ پر غیر مشروط اصرار کرنا ـ ایسے حال میں کہ جارحانہ کارروائیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی حقیقی رکاوٹوں کو نظر انداز کر دیا جائے ـ ایران میں بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی (IAEA) کی تصدیقی سرگرمیوں کی مکمل بحالی میں مددگار ثابت نہیں ہو سکتا۔
ایران، روس اور چین نے نشاندہی کی کہ غیر معمولی اور پیچیدہ حالات کے باوجود، ایران نے 2026 میں بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ پر ایجنسی (IAEA) کے تمام طے شدہ معائنوں کی اجازت دی ـ ایک ایسی حقیقت جس کا ذکر ڈائریکٹر جنرل کی رپورٹ میں بھی کیا گیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بقلم: الہام معین
ترجمہ: ابو فروہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110

یالٹا کانفرنس - 1945 کے شرکاء
آپ کا تبصرہ