30 ستمبر 2026 - 20:35
'آبنائے ہرمز' ایران کے لئے اتنا ہی اہم ہے جتنا کہ امریکہ کے لئے 'ڈالر'

ہارورڈ یونیورسٹی کے پروفیسر اسٹیفن والٹ نے امریکی ذرائع سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے لئے آبنائے ہرمز کی اہمیت ویسی ہی ہے جس طرح کہ عالمی مالیاتی نظام میں ڈالر کی اہمیت امریکہ کے لئے۔

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا || پروفیسر اسٹیفن والٹ نے کہا کہ ایران آبنائے ہرمز پر اپنے کنٹرول کو سیاسی دباؤ کے ہتھیار کے طور پر استعمال کر سکتا ہے، جیسا کہ امریکہ ڈالر اور پابندیوں کو سیاسی دباؤ کے لئے استعمال کرتا ہے۔

اعتماد کا بحران:

والٹ نے ایران اور امریکہ کے درمیان معاہدے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ اعتماد کی کمی کو قرار دیا۔ ان کے مطابق، فوجی حملے کے بعد ایران کے پاس کوئی وجہ نہیں کہ وہ یقین کرے کہ نیا معاہدہ امریکہ کے اگلے حملے کو روکے گا۔

انھوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کے حملوں اور ایرانی رہنماؤں کے قتل نے بین الاقوامی تعلقات کے اصولوں کو کمزور کر دیا ہے اور مذاکرات کے لئے ضروری اعتماد ختم ہوگیا ہے۔

انھوں نے یاددہانی کرائی کہ ایران نے 1990 کی دہائی اور 11 ستمبر کے حملوں کے بعد امریکہ سے تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کی، مگر امریکہ کی اسرائیل سے وابستگی نے ان کوششوں کو ناکام بنا دیا۔

امریکی دھمکیاں:

امریکی میگزین اٹلانٹک نے لکھا کہ امریکہ کے "زیادہ سے زیادہ دباؤ" کی نئی پالیسی اور "ثانوی پابندیاں" دراصل کمزوری اور تعطل کا مظاہرہ ہیں۔ رپورٹوں کے مطابق، ٹرمپ انتظامیہ نے بارہا "زیادہ سے زیادہ دباؤ" کا اعلان کیا، مگر نہ ایران جھکا اور نہ اس کے اہم شراکت داروں نے اس کے ساتھ تعاون ختم کیا۔

ماہرین کے مطابق، 1979 کے انقلاب سے لے کر اب تک امریکی پابندیاں ایران کے رویئے کو تبدیل کرنے میں ناکام رہی ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکہ مہلتوں کو آگے پیچھے کر کے اور دھمکیوں سے پیچھے ہٹ کر اپنے دشمنوں کے سامنے اپنی کمزوری اور محدود آپشنز آشکار کر رہا ہے۔

امریکہ کی تزویراتی غلطی:

برطانوی اخبار انڈیپنڈنٹ نے اپنے اداریئے میں ٹرمپ انتظامیہ کی ایران پالیسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ نئی اقتصادی جنگ کا آغاز، ایران کے خلاف امریکی جنگ کے اہداف کی ناکامی کا اعتراف ہے۔

اخبار نے سوال اٹھایا ہے کہ "اگر امریکہ کو آخرکار اقتصادی دباؤ ہی ڈالنا تھا تو پھر وسیع فوجی حملوں اور دھمکیوں کا مقصد اور فائدہ کیا تھا۔"

انڈیپنڈنٹ نے گذشتہ 6 مہینوں میں ایران کے خلاف اسرائیل کی کارروائی میں امریکہ کی شراکت کو "تزویراتی غلطی" قرار دیا اور لکھا کہ اس تنازع سے پہلے آبنائے ہرمز کھلا تھا، تیل اور گیس کی فراہمی معمول پر تھی اور عالمی معیشت ترقی کی منتظر تھی۔

اخبار کے مطابق، نئی پیش رفت سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکی جنگ اپنے بنیادی اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔

خلاصہ:

ماہرین اور بین الاقوامی میڈیا کے مطابق، آبنائے ہرمز ایران کا مضبوط ترین اور قابل اعتماد ترین ہتھیار ہے، جو اس کے جوہری بم سے بھی زیادہ مؤثر ہے۔ امریکہ کی پابندیاں اور دھمکیاں ماضی کی طرح ناکام ہو رہی ہیں، اور جنگ نے ایران اور امریکہ کے درمیان اعتماد کو ختم کر دیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ترجمہ: ابو فروہ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha