19 ستمبر 2026 - 22:47
یمنی میزائل ایک بار پھر سعودی تیل کمپنی 'ارامکو' پر اترے

یمن کی فوج نے صنعا پر ریاض کی جارحیت کے جواب میں سعودی عرب کی گہرائی میں دو اہم اورتزویراتی مقامات کو نشانہ بنایا۔

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا || یمن کی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر یحییٰ سریع نے سعودی عرب کی گہرائی میں فوجی کارروائیوں کی خبر دی ہے۔

بریگیڈیئر یحییٰ سریع نے کہا کہ یمنی افواج نے دو کارروائیوں میں، سعودی عرب کے دارالحکومت میں اہم اہداف کو، بڑی تعداد میں میزائلوں اور ڈرونز کا نشانہ بنایا ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ یمن کی مسلح افواج نے دوسری کارروائی میں ینبع میں واقع ارامکو کمپنی کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

اس سے پہلے، یمن کے مختلف علاقوں میں آج علی الصبح سے یمنیوں کے متعدد میزائل اور ڈرون حملے دیکھے گئے، یہاں تک کہ ینبع، طائف، جدہ، العلا، خمیس مشیط کے اضلاع کے ساتھ ساتھ جیزان اور ابھا شہر میں بھی انتباہی نظام فعال ہو گیا۔

سعودی دارالحکومت ریاض اور اس کے جنوب مشرق میں واقع الخرج شہر میں بھی آج صبح یمنی فوج کے میزائل حملوں کی خبریں شائع ہوئیں۔

یمنی فوج اور انصاراللہ کے میزائل اور ڈرون حملوں میں شدت اس کے بعد آئی جب یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے گزشتہ رات صنعا میں سعودی عرب کے ایک "داعشی اسٹائل" کے دہشت گردانہ منصوبے کو ناکام بنانے کی خبر دی اور اعلان کیا کہ اس سازش کا جواب ضرور دیا جائے گا۔

روئٹرز نیوز ایجنسی نے یمن کے حملوں کے بعد، رپورٹ دی کہ آج دوپہر ریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب آگ کے شعلے اور کالے دھوئیں کا بڑا ستون اٹھتا دکھائی دیا۔

ذرائع ابلاغ نے اعلان کیا کہ ریاض شہر میں طیاروں کی پروازیں روک لی گئی ہیں جب یمن کی طرف سے ایک خودکش ڈرون ریاض کے ہوآئی اڈے سے ٹکرایا۔

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے خبر دی کہ یہ کارروائیاں کامیاب رہیں اور ان کے نتیجے میں نشانہ بننے والے ٹھکانوں پر وسیع پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی۔

بریگیڈیئر سریع نے کہا: یہ کاروائیاں آل سعود کے الزام کے جواب میں انجام پائیں کہ یمن مکہ مکرمہ پر حملے کی کوشش کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان حملوں کے ذریعے سعودی عرب کے صنعا پر حملوں کا جواب بھی دیا گیا۔

انھوں نے آخر میں کہا کہ یمن کی مسلح افواج ایک بار پھر تاکید کرتی ہیں کہ سعودی میڈیا کے یہ دعوے غلط اور بے بنیاد ہیں کہ یمنی افواج نے سعودی عرب میں شہریوں پر حملے کئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ریاض پر حملے میں ہوائی اڈے کے قریب سعودی ایندھن کے ذخائر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha