اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، لبنانی ذرائع نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج نے علی الصبح جنوبی لبنان میں اپنے تازہ حملوں کا آغاز کیا اور نبطیہ کے اطراف کے متعدد علاقوں کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا۔ حملوں میں رہائشی عمارتوں کے علاوہ طبی اور شہری تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا۔
اسرائیلی فوج نے کفررمان، دوحہ کفررمان، النبطیہ الفوقا، النبطیہ التحتا اور الراہبات محلے سمیت کئی علاقوں پر فضائی حملے کیے۔
عربصالیم میں ایک تین منزلہ عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔ لبنانی سول ڈیفنس کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں حملے کے نتیجے میں 2 افراد شہید اور 3 زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے حملے سے قبل عمارت کو نشانہ بنانے کی دھمکی بھی دی تھی۔
غندور اسپتال بھی اسرائیلی حملے کی زد میں
دوسری جانب اسرائیلی جنگی طیاروں نے النبطیہ الفوقا کے علاقے میں واقع صلاح غندور اسپتال کو بھی بمباری کا نشانہ بنایا۔
لبنانی ذرائع کے مطابق حملے سے قبل اسپتال سے مریضوں اور طبی عملے کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا تھا، تاہم فضائی حملے کے نتیجے میں اسپتال کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔
اسرائیلی فوج نے اپنے حملوں کا جواز پیش کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں کشیدگی اس وقت بڑھی جب لبنان کی مزاحمت کی جانب سے اسرائیلی فوجی اہلکاروں کی طرف دو خودکش ڈرون بھیجے گئے۔ اسرائیلی فوج نے اسی دعوے کو جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں پر تازہ فضائی حملوں کی وجہ قرار دیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے گزشتہ چند روز کے دوران جنوبی لبنان اور مغربی بقاع کے علاقوں پر بھی اپنے حملوں میں اضافہ کیا ہے۔
لبنان کی وزارت صحت کے مطابق جمعہ کے روز اسرائیلی حملوں میں ملک کے مختلف علاقوں میں کم از کم 5 افراد شہید ہوئے تھے، جبکہ تازہ حملوں کے بعد لبنان کے خلاف اسرائیلی جارحیت کے دائرہ کار میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
آپ کا تبصرہ