اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، اسرائیلی وزیرِ جنگ یسرائیل کاتس نے جنوبی لبنان کے دورے کے دوران کہا ہے کہ اسرائیل نے جنوبی لبنان میں جن علاقوں پر قبضہ کررکھا ہے، وہاں سے فوجی انخلا کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔
کاتس نے اپنے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا کہ وہ اور اسرائیلی وزیرِ اعظم پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ اسرائیلی فوج جنوبی لبنان میں قائم سکیورٹی علاقے سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فوج شمالی اسرائیل میں قائم یہودی بستیوں اور اپنے فوجیوں کے تحفظ کے لیے جنوبی لبنان میں موجود ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوج اس علاقے کو صاف کرنے کی کارروائی جاری رکھے گی اور کسی بھی صورت میں لبنان، شام اور غزہ میں قائم سکیورٹی علاقوں سے انخلا نہیں کرے گی۔
اسرائیلی وزیرِ جنگ نے مزید دعویٰ کیا کہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج زیرِ زمین بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنے کی کارروائی کررہی ہے اور اس علاقے میں اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھے گی۔
کاتس کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب لبنان، شام اور غزہ بدستور مغربی ایشیا میں کشیدگی اور فوجی تنازعات کے اہم مراکز بنے ہوئے ہیں۔
آپ کا تبصرہ