8 اگست 2026 - 17:23
سربراہ سنی تحریکِ  پاکستان: کے  ٹرمپ ایران کے خلاف دھمکی آمیز بیانات سے گریز کریں

تحریکِ سنی پاکستان کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ایران کے خلاف اشتعال انگیز اور دھمکی آمیز بیانات سے گریز کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے بیانات سے نہ صرف مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی بڑھے گی بلکہ عالمی امن، بین الاقوامی تجارت اور معیشت بھی سنگین خطرات سے دوچار ہو سکتی ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، محمد ثروت اعجاز قادری نے امریکی صدر کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ ایک طرف مذاکرات اور امن کی بات کرتا ہے، لیکن دوسری جانب ایران کو مسلسل دھمکیاں دے کر دنیا کو یہ پیغام دیتا ہے کہ وہ اب بھی طاقت اور دباؤ کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی آڑ میں طاقت کا مظاہرہ اور جارحانہ رویہ عالمی امن کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

قادری نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کے خلاف اشتعال انگیز اور دھمکی آمیز بیانات سے گریز کرنا چاہیے۔ ایسے بیانات سے نہ صرف مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں اضافہ ہوگا بلکہ عالمی امن، بین الاقوامی تجارت اور عالمی معیشت بھی سنگین خطرات سے دوچار ہوں گے۔ دنیا مزید جنگوں کی متحمل نہیں ہو سکتی، اس لیے طاقت کے بجائے سیاسی بصیرت اور سفارت کاری کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

تحریکِ سنی پاکستان کے سربراہ نے مزید کہا کہ امریکہ ایران کو جوہری طاقت بننے سے روکنے کے لیے تمام تر دباؤ کے ذرائع استعمال کر رہا ہے، لیکن دباؤ، پابندیاں اور دھمکیاں مسائل حل کرنے کے بجائے انہیں مزید پیچیدہ بناتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتوں کو اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری اور ریاستوں کی خودمختاری کے احترام کو یقینی بنانا چاہیے۔ ایک ملک کی مرضی دوسرے ملک پر مسلط کرنے کی کوشش عالمی نظام کو عدم استحکام سے دوچار کر سکتی ہے۔

محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین تجارتی گزرگاہوں میں سے ایک ہے اور اسے طاقت کے ذریعے کھولنے کی کوشش کے انتہائی خطرناک نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ آبنائے ہرمز صرف مذاکرات، باہمی مفاہمت اور سفارتی اقدامات کے ذریعے ہی کھولی جا سکتی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha