8 اگست 2026 - 16:32
پاکستانی عالمِ دین: امام حسینؑ کی عزاداری کو جرم قرار دینا شرمناک ہے

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما حجت الاسلام مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ امام حسینؑ کی عزاداری اور ماتمی جلوس میں پیدل شرکت کو جرم قرار دینا شرمناک اقدام ہے۔ انہوں نے پنجاب حکومت سے سوال کیا کہ امام حسینؑ کی عزاداری کے لیے پیدل چلنے کو کس قانون کے تحت جرم قرار دیا گیا ہے؟

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، حجت الاسلام مقصود علی ڈومکی نے مجلسِ عزائے امام حسینؑ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واقعۂ کربلا حق و باطل کے درمیان ایک لازوال معرکہ ہے، جس نے ہر دور کے مظلوموں کو ظلم و ستم کے خلاف کھڑے ہونے کا درس دیا۔ امام حسینؑ کی قربانی انسانیت، عدل، آزادی اور دینِ اسلام کی حقیقی روح کے تحفظ کی عظیم مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں عزاداروں کے خلاف مقدمات درج کرنا شرمناک ہے۔ پنجاب حکومت کو جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات واپس لینے چاہییں۔ امام حسینؑ کی عزاداری اور جلوس میں پیدل شرکت کو جرم قرار دینا بھی قابلِ مذمت ہے۔ حکومت پنجاب کو وضاحت کرنی چاہیے کہ عزاداری کے لیے پیدل چلنا کس قانون کے تحت جرم ہے۔

مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ آج امتِ مسلمہ کو فلسطین، غزہ، لبنان، ایران اور دیگر مظلوم اقوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرنا چاہیے۔ ایران نے ہمیشہ امتِ مسلمہ، مسئلہ فلسطین اور مظلوم اقوام کی حمایت کی ہے، اس لیے ہم اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف ہر قسم کی جارحیت، غنڈہ گردی اور سازش کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے غزہ میں نہتے فلسطینیوں کے خلاف جاری اسرائیلی جرائم کو نسل کشی اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عالمی ضمیر کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ امتِ مسلمہ کو فلسطینی عوام اور غزہ کے مظلوموں کی عملی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنی چاہیے، جبکہ عالمی برادری کو اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے چاہییں۔

انہوں نے کہا کہ کربلا کا پیغام ظلم، استکبار اور باطل قوتوں کے خلاف مزاحمت کا پیغام ہے۔ آج بھی جو طاقتیں اسلامی ممالک پر جارحیت مسلط کر رہی ہیں، وہ اسی یزیدی فکر کی نمائندہ ہیں۔

مقصود علی ڈومکی نے خطے میں امریکہ اور اسرائیل کی مداخلت اور جارحانہ پالیسیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امتِ مسلمہ کے خلاف کی جانے والی ہر سازش ناکام ہوگی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha