اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، لبنان کے ممتاز مفتی جعفری شیخ احمد قبلان نے ایک بیان میں کہا کہ لبنان کے مفادات کا سب سے زیادہ احساس خود لبنانی عوام کو ہے اور کوئی بیرونی طاقت اس حوالے سے ان کی جگہ نہیں لے سکتی۔ انہوں نے سیاسی قیادت پر زور دیا کہ داخلی اختلافات کو قومی یکجہتی اور باہمی تعاون کے ذریعے حل کیا جائے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ قومی مفادات اور خودمختاری کو نظر انداز کرتے ہوئے بیرونی طاقتوں پر انحصار کرنا لبنان کے لیے نقصان دہ ثابت ہوگا۔
شیخ احمد قبلان نے لبنان کے پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری کے کردار کو ملکی سیاسی استحکام کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے صدر اور وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کے ساتھ مکمل ہم آہنگی برقرار رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ لبنانی فوج کے قومی مقام کو کمزور کرنا دراصل ریاست کی بنیادوں کو کمزور کرنے کے مترادف ہے، کیونکہ لبنان کو درپیش خطرات تزویراتی اور طویل المدتی نوعیت کے ہیں، جن کا مقابلہ فوج، مزاحمت اور تمام قومی صلاحیتوں کے باہمی تعاون سے ہی ممکن ہے۔
مفتی جعفری لبنان نے مزید کہا کہ 1948ء سے جنوبی لبنان کے عوام نے ملکی خودمختاری کے دفاع کی بھاری قیمت ادا کی ہے، اس لیے ان کی شراکت اور حمایت کے بغیر لبنانی ریاست قومی نمائندگی، جواز اور حقیقی طاقت سے محروم رہے گی۔
انہوں نے موجودہ بحرانوں سے نکلنے کے لیے قومی اتحاد پر مبنی مذاکراتی فورم کے قیام، ریاستی ترجیحات کے تعین اور ملکی اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔
آپ کا تبصرہ