26 جولائی 2026 - 18:00
مآخذ: ابنا
لبنان کو ایران، سعودی عرب اور امریکہ کی سہ فریقی ضمانت درکار ہے

لبنان کے پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں لبنان کو استحکام برقرار رکھنے کے لیے ایران، سعودی عرب اور امریکہ پر مشتمل سہ فریقی ضمانت کی ضرورت ہے، تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، لبنان کے پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں لبنان کو استحکام برقرار رکھنے کے لیے ایران، سعودی عرب اور امریکہ پر مشتمل سہ فریقی ضمانت کی ضرورت ہے، تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

عرب میڈیا کے مطابق، نبیہ بری نے کہا کہ جنوبی لبنان میں جاری کشیدگی اور اسرائیلی کارروائیوں کے باعث ایسے بین الاقوامی تعاون کی ضرورت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔

انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو "اچھا" قرار دیتے ہوئے کہا کہ لبنانی صدر جوزف عون کے ساتھ بھی ان کے روابط مضبوط ہیں اور سیاسی اختلافات کے باوجود دونوں کے درمیان رابطے اور مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔

جنوبی لبنان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے نبیہ بری نے کہا کہ زوطر الغربیہ سمیت جنوبی دیہات میں پیش آنے والے واقعات اس بات کا ثبوت ہیں کہ اسرائیلی جارحیت جاری ہے، جس کے باعث قابض افواج کا مکمل انخلا اور بے گھر شہریوں کی اپنے گھروں کو واپسی تاحال ممکن نہیں ہو سکی۔

انہوں نے مزید کہا کہ شام کی جنگ کے دوران لبنان نے اس ملک کے اندرونی تنازع میں مداخلت نہیں کی، اگرچہ اس مؤقف کی وجہ سے دمشق کے ساتھ تعلقات پر سیاسی اثرات مرتب ہوئے۔

نبیہ بری نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور لبنانی صدر جوزف عون کی حالیہ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اصل اہمیت ملاقات کی نہیں بلکہ اس کے عملی نتائج کی ہے۔ ان کے بقول، آتش بس کا مکمل نفاذ اور اسرائیلی افواج کا انخلا ہی کامیابی کا حقیقی معیار ہوگا، تاہم اب تک ایسا نہیں ہو سکا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے زوطر الغربیہ سے مبینہ انخلا کو حقیقی انخلا قرار نہیں دیا جا سکتا، کیونکہ یہ علاقہ مکمل طور پر اس کے قبضے میں نہیں تھا، جبکہ جنوبی لبنان میں گھروں، رہائشی علاقوں اور بنیادی ڈھانچے کی تباہی اور شہریوں پر حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیل پر لبنان کے ساتھ طے شدہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی اور جنوبی لبنان کے بعض علاقوں میں اپنی فوجی موجودگی برقرار رکھنے کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha