اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،ایران اور پاکستان کے وزرائے خارجہ نے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے دوطرفہ تعلقات، حالیہ سفارتی پیش رفت اور خطے کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔
ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے گفتگو کے دوران ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور ان کے وفد کی میزبانی پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس دورے کے دوران ہونے والے معاہدوں اور مفاہمتوں پر دونوں ممالک مختلف شعبوں میں عملی پیش رفت کریں گے۔
پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے بھی ایرانی صدر کے دورۂ اسلام آباد کو سراہتے ہوئے ایرانی عملے پر مشتمل بحری جہاز کے عملے کی رہائی کے لیے پاکستانی حکام کی جانب سے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے خطے کی تازہ سفارتی صورتحال کا جائزہ لیا اور خطے میں پائیدار امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے قریبی رابطے اور مشاورت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
آپ کا تبصرہ