اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، رہبرِ معظم انقلاب اسلامی کے بین الاقوامی امور کے مشیر علی اکبر ولایتی نے امریکہ اور خلیج تعاون کونسل کے مشترکہ بیان پر اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ خلیج فارس کے عرب ممالک کا آج کا استحکام آبنائے ہرمز جیسے اہم بحری راستے پر ایران کی صدیوں پر محیط مؤثر حکمتِ عملی کا مرہونِ منت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مغربی طاقتوں نے اس خطے کو وحشیانہ اقدامات، مداخلت اور وسائل کی لوٹ مار کے سوا کچھ نہیں دیا۔
ولایتی نے مزید کہا کہ "خطے کے حاشیہ نشین اور سیاسی نابالغ عناصر" سفارشی بیانات پر خوش نہ ہوں بلکہ یہ حقیقت جان لیں کہ ان کی بقا بھی اسی نظام سے وابستہ ہے جس میں ایران بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ خطے اور دنیا کی بڑی سیاسی تبدیلیوں کے دوران چھوٹے اور حاشیہ نشین عناصر کو فیصلہ سازی کی میز پر کوئی مقام حاصل نہیں ہوگا، اور ان کی تزویراتی بقا بھی تہران کے تحمل اور حکمتِ عملی کی مرہونِ منت ہے۔
آپ کا تبصرہ