اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، بحرین میں ایک بار پھر متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، جس کے بعد خطے میں سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بدھ کی صبح بحرین کے مختلف علاقوں میں کئی زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔ مقامی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کم از کم 16 دھماکوں کی آوازیں ریکارڈ کی گئیں۔
اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ اس سے قبل امریکی بحریہ کے پانچویں بحری بیڑے کو بھی میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنائے جانے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔
ذرائع کے مطابق ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ایران کی مسلح افواج نے اردن، بحرین اور کویت میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو میزائل اور ڈرون حملوں کا ہدف بنایا۔
تاحال بحرینی حکام کی جانب سے دھماکوں کی نوعیت، نقصان یا ممکنہ جانی نقصانات کے بارے میں کوئی تفصیلی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔
علاقائی مبصرین کے مطابق خلیجی خطے میں حالیہ واقعات نے سیکیورٹی صورتحال کو مزید حساس بنا دیا ہے، جبکہ مختلف ممالک اور بین الاقوامی ادارے حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
آپ کا تبصرہ