اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، جنوبی لبنان اور دیگر متعدد علاقوں میں صہیونی رژیم کے تازہ فضائی حملوں اور گولہ باری کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق ضلع صور کے قصبہ الحوش پر ہونے والے دو فضائی حملوں میں چھ افراد شہید ہوئے جن میں چار شامی اور دو فلسطینی شہری شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق البازوریہ، صدیقین، قدموس، برج رحال، الخرایب، الزراریہ، کوثریۃ الرز اور البازوریہ۔الحوش شاہراہ بھی اسرائیلی فضائی اور ڈرون حملوں کی زد میں آئیں۔ اسی دوران شحور میں "ہیئت صحی اسلامی" کے ایک مرکز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
لبنان کی وزارتِ صحت کے ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے بتایا کہ ایک اور حملے میں "جمعیت الرسالہ" سے وابستہ ایمبولینس کو براہِ راست نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں دو امدادی کارکن شہید اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔ وزارتِ صحت نے اس حملے کو بین الاقوامی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے عالمی اداروں سے طبی عملے اور امدادی کارکنوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
ادھر النبطیہ، النبطیہ الفوقا، حبوش، عدشیت، الغندوریہ اور حاروف پر بھی فضائی حملے کیے گئے، جبکہ جبشیت کو شدید گولہ باری کا نشانہ بنایا گیا۔ مرجعیون کے علاقوں دبین اور بلاط میں واقع مقام نبی حزقیل کے اطراف بھی بمباری کی گئی، جہاں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
مزید برآں تبنین میں ایک موٹر سائیکل کو اسرائیلی ڈرون نے نشانہ بنایا، جبکہ صیدا اور بیروت کے جنوبی علاقے خلدہ کی شاہراہ پر بھی گاڑیوں پر حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
صہیونی فوج نے ارزی، کوثریۃ الرز، الزراریہ، جباع، حومین الفوقا، ارکی اور الخرایب سمیت متعدد قصبوں کے مکینوں کو انخلا کے انتباہات جاری کیے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے الخرایب میں واقع ایک رہائشی عمارت کو بھی براہِ راست نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پائی جاتی ہے۔
آپ کا تبصرہ