29 مارچ 2026 - 17:35
مآخذ: ابنا
ایرانی مسلح افواج نے دنیا کو حیران کر دیا:پاکستانی جنرل

پاکستان کے ایک ریٹائرڈ سینئر فوجی جنرل نے ایران کی دفاعی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی مسلح افواج نے حالیہ تنازعات میں اپنی کارکردگی سے دنیا کو حیران کر دیا ہے۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،پاکستان کے ایک ریٹائرڈ سینئر فوجی جنرل نے ایران کی دفاعی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی مسلح افواج نے حالیہ تنازعات میں اپنی کارکردگی سے دنیا کو حیران کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان آرمی کے سابق چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید نے ایک ٹی وی انٹرویو میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا دفاعی نظام نہایت پیچیدہ اور غیر متوقع نوعیت کا حامل ہے، جس نے بیرونی حملوں کے خلاف مؤثر ردعمل دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی فوج اور سپاہ پاسداران کا غیر مرکزی (ڈی سینٹرلائزڈ) کمانڈ سسٹم ایک منفرد ماڈل ہے، جس کا دنیا بھر کی افواج مستقبل میں مطالعہ کریں گی۔

سابق پاکستانی جنرل کے مطابق ایران کی جانب سے مسلسل جوابی کارروائیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ قیادت میں تبدیلیوں کے باوجود اس کی کمانڈ اور آپریشنل نظام مضبوط اور مربوط ہے۔

انہوں نے یوکرین جنگ اور موجودہ مشرق وسطیٰ کی کشیدگی کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین کی جنگ کے عالمی معیشت پر محدود اثرات ہیں، جبکہ ایران سے متعلق حالیہ صورتحال، خصوصاً خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں کشیدگی، عالمی معیشت اور توانائی کی منڈیوں پر نمایاں اثر ڈال رہی ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید نے مزید کہا کہ پاکستان اس تنازع میں ثالثی کا کردار ادا کر سکتا ہے کیونکہ اس کے ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں جبکہ سعودی عرب کے ساتھ بھی اس کے اسٹریٹجک روابط موجود ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha