7 اپریل 2026 - 14:42
مآخذ: ابنا
 ایران کے ساتھ کھڑا ہونا ایمان کے ساتھ کھڑا ہونا ہے:پاکستانی مفتی

پاکستان کے معروف سنی عالم اور مفتی، مفتی مکرم قادری نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ایران کی حمایت کرنا صرف ایک ملک کا ساتھ دینا نہیں بلکہ ایمان اور اسلام کا ساتھ دینا ہے۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،پاکستان کے معروف سنی عالم اور مفتی، مفتی مکرم قادری نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ایران کی حمایت کرنا صرف ایک ملک کا ساتھ دینا نہیں بلکہ ایمان اور اسلام کا ساتھ دینا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق، مفتی مکرم قادری نے کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم کہتے ہیں کہ ہم اس جنگ میں ایران کے ساتھ کھڑے ہیں تو اس کا مطلب صرف سیاسی حمایت نہیں بلکہ دینی اور ایمانی موقف کی تائید ہے۔

انہوں نے شیعہ اور سنی اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں مکاتب فکر کے درمیان کوئی بنیادی اختلاف نہیں ہے، اور جو عناصر تفرقہ پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں وہ دراصل دشمنوں کے ایجنڈے کو مضبوط کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کو مشترکہ نکات کی بنیاد پر متحد ہونا چاہیے۔

مفتی قادری نے مزید کہا کہ ایران نے برسوں پہلے سے خود کو عالمی طاقتوں، خصوصاً امریکہ، کے مقابلے کے لیے تیار کیا ہوا تھا، جس کی مثال زیرِ زمین میزائل سسٹمز ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ قیادت کی تبدیلی کے باوجود یہ سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ پروپیگنڈے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بعض عناصر ایران کے خلاف مذہبی بنیادوں پر منفی مہم چلا رہے ہیں، جو درحقیقت امریکہ اور اسرائیل کے مفادات کو فائدہ پہنچاتی ہے۔

انہوں نے حدیث کی مشہور کتاب کے مؤلف امام بخاری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شیعہ راویوں سے بھی روایات نقل کی ہیں، جو اس بات کی دلیل ہے کہ شیعہ بھی اہل ایمان ہیں۔

اپنے خطاب میں انہوں نے اہل سنت کے علم کلام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امام ابو منصور ماتریدی اور امام ابو الحسن اشعری کے نظریات اہل سنت کی بنیاد ہیں، اور ان کے بیان کردہ عقائد جیسے اللہ، رسول، آخرت اور دیگر ارکان ایمان پر شیعہ بھی مکمل یقین رکھتے ہیں۔

آخر میں مفتی مکرم قادری نے کہا کہ قرآن مسلمانوں کو مشترکہ نکات پر متحد ہونے کی دعوت دیتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ ہم اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر اتحاد کو فروغ دیں۔ انہوں نے زور دیا کہ آج ایران کے ساتھ کھڑا ہونا دراصل ایمان کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha