ٹرمپ غلط فیصلہ نہ کریں، ہم ایٹمی ہتھیار کے خواہاں نہیں تھے اور نہ ہوں گے: قالیباف
اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ غلط معلومات کی بنیاد پر کوئی غلط فیصلہ نہ کریں، کیونکہ ایران نہ ماضی میں ایٹمی ہتھیار کا خواہاں تھا، نہ آج ہے اور نہ آئندہ ہوگا۔
ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق قالیباف نے اقتصادی کارکنان اور چیمبر آف کامرس کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پہلے بھی ایک انٹرویو میں امریکی صدر کو مشورہ دیا تھا کہ غلط تجزیوں پر انحصار نہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نے بارہا واضح کیا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے۔
انہوں نے حالیہ کشیدگی اور مبینہ ۱۲ روزہ جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور صہیونی ریاست نے مذاکرات کے دوران حملہ کیا، تاہم انہیں “شرمناک ناکامی” کا سامنا کرنا پڑا۔ قالیباف نے دعویٰ کیا کہ بعض بیرونی عناصر نے ایران میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کی، مگر ایرانی قوم نے اتحاد کا مظاہرہ کیا۔
اسپیکر نے کہا کہ امریکہ 1953ء کی بغاوت سے لے کر آج تک ایران پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کرتا رہا ہے، لیکن ایرانی عوام نے ہر بار مزاحمت کی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر امریکہ عزت و باہمی مفادات کی بنیاد پر سفارت کاری کا راستہ اختیار کرے تو ایران بھی مذاکرات کی میز پر موجود رہے گا، لیکن اگر دباؤ اور دھمکیوں کی پالیسی اپنائی گئی تو “سخت ردعمل” دیا جائے گا۔
قالیباف نے زور دے کر کہا کہ ایران کے خلاف کسی بھی جارحیت کی صورت میں نہ صرف ایرانی عوام بلکہ عالمِ اسلام اور دنیا کے آزاد لوگ بھی اس کے خلاف کھڑے ہوں گے۔
آپ کا تبصرہ