18 فروری 2026 - 08:25
مآخذ: ابنا
انٹرنیشنل غنڈہ گردی کو آگے نہیں بڑھنے دیں گے، ہندوستان امن کا ساتھی ہے: مولانا سید صفی حیدر زیدی

ہندوستان کے معروف عالم دین تنظیم المکاتب کے سکریٹری مولانا سید صفی حیدر نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی دھمکی آمیز سیاست اور انٹرنیشنل غنڈہ گردی کے خلاف مل کر مضبوط آواز اٹھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انٹرنیشنل غنڈہ گردی کو آگے نہیں بڑھنے دیں گے، ہندوستان امن کا ساتھی ہے: مولانا سید صفی حیدر زیدی

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،ہندوستان کے معروف عالم دین تنظیم المکاتب کے سکریٹری مولانا سید صفی حیدر نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی دھمکی آمیز سیاست اور انٹرنیشنل غنڈہ گردی کے خلاف مل کر مضبوط آواز اٹھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ انصاف پسند ہندوستانی کسی بھی طاقت کو یہ اجازت نہیں دیں گے کہ وہ دنیا کے امن و انصاف کو مٹائے یا کسی بھی ملک کو دھمکیوں کے ذریعے دبانے کی کوشش کرے۔

مولانا نے کہا کہ ہندوستان ہمیشہ سے امن، رواداری اور باہمی احترام کا علمبردار رہا ہے۔ ہمارا ملک عالمی سطح پر امن کا پیغام دیتا آیا ہے اور ہم اپنے امن و انصاف پسند ملک کے شہری ہونے کے ناطے یہ ذمہ داری محسوس کرتے ہیں کہ جہاں کہیں بھی ناانصافی اور دھمکی کی سیاست ہو اس کے خلاف آواز بلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ چاہے ایران ہو یا وینزویلا کسی بھی خودمختار ملک کے خلاف دھمکیاں ناقابل برداشت ہیں اور ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

مولانا سید صفی حیدر نے امریکہ کی حالیہ پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نام نہاد عالمی طاقت کا یہ رویہ تشویش ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے خلاف اغوا یا جان سے مارنے جیسی دھمکیاں دینا نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ پوری دنیا کے امن کے لیے خطرناک اشارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای صرف ایران کے سپریم لیڈر نہیں بلکہ دنیا بھر کے شیعوں کے رہبر کی حیثیت رکھتے ہیں اس لیے ان کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت یا سازش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی مذہبی یا قومی رہنما کے خلاف اس طرح کا قدم اٹھایا گیا تو ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے بلکہ جمہوری اور آئینی دائرے میں رہتے ہوئے بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ مولانا نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یہ مسئلہ صرف ایک مذہب یا مسلک تک محدود نہیں بلکہ انسانی وقار اور عالمی انصاف کا مسئلہ ہے۔

مولانا صفی حیدر نے حکومت ہند سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے پروپیگنڈے اور جھوٹی خبروں کے خلاف سخت کارروائی کرے جو کسی بھی مذہبی رہنما کی شخصیت کو نشانہ بناتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بعض میڈیا چینل سنسنی خیزی کی خاطر غیر ذمہ دارانہ خبریں نشر کرتے ہیں جو سماجی ہم آہنگی کو متاثر کرتی ہیں ایسے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ ’امن و انصاف تحریک‘ کے بینر تلے آج سے ایک دستخطی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے جس میں مختلف مذاہب کے علماء، خطباء، دانشوران اور سماجی شخصیات کے ساتھ ساتھ سارے شہریوں سے دستخط لیے جائیں گے۔ اس مہم کا مقصد عالمی سطح پر امن، انصاف اور مذہبی احترام کے حق میں ایک مشترکہ بیانیہ پیش کرنا ہے۔

مزید مولانا نے کہا کہ رمضان المبارک کے بعد امریکہ کی جانب سے مبینہ ظلم اور عالمی دباؤ کی سیاست کے خلاف ایک انٹرفیتھ کانفرنس کا بھی پلان ہے جس میں مختلف مذاہب کے رہنماؤں کو مدعو کیا جائے گا تاکہ مشترکہ طور پر امن، انصاف اور انسانی حقوق کے تحفظ کا پیغام دیا جا سکے۔

آخر میں مولانا سید صفی حیدر نے کہا کہ ہمارا مقصد کسی ملک یا قوم سے دشمنی نہیں بلکہ عالمی سطح پر انصاف، خودمختاری اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہے۔ ہندوستان کی سرزمین ہمیشہ سے امن کی علمبردار رہی ہے اور ہم اسی روایت کو آگے بڑھاتے رہیں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha