اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، ملاقات کے دوران سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے نوجوانوں کے مؤثر کردار، فکری و نظریاتی تربیت، ملک کے موجودہ حالات اور آئندہ کے لیے تنظیمی و اجتماعی حکمتِ عملی پر تفصیلی گفتگو کی۔
انہوں نے اس موقع پر نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ دینی و انقلابی شعور کے ساتھ سماجی ذمہ داریوں کو ادا کریں، اتحاد و وحدت کو مضبوط بنائیں اور حالات کے تقاضوں کو سمجھتے ہوئے منظم اور بامقصد جدوجہد کو آگے بڑھائیں۔
قائدِ وحدت نے کہا کہ نوجوان طبقہ کسی بھی معاشرے کی اصل طاقت ہوتا ہے، اور اگر اس کی درست فکری تربیت ہو تو وہ ملت اور ملک کے مستقبل کی سمت متعین کر سکتا ہے۔ انہوں نے وحدت یوتھ پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے نوجوانوں کو صبر، بصیرت اور مسلسل جدوجہد کے ساتھ آگے بڑھنے کی تلقین کی۔
ملاقات کے اختتام پر وحدت یوتھ پاکستان کے قائدین نے قائدِ وحدت کی رہنمائی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور ان کی قیادت میں جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

آپ کا تبصرہ