اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے صہیونی حکومت کے وزیرِ خارجہ گیدعون ساعر کے سومالی لینڈ میں غیرقانونی داخلے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے جمہوریۂ سومالیہ کی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اس بات پر متفق ہے کہ سومالیہ، جو اقوامِ متحدہ کا ایک آزاد اور خودمختار رکن ملک ہے، اس کی علاقائی یکجہتی اور قومی حاکمیت کا احترام کیا جانا چاہیے۔ اسماعیل بقائی کے مطابق صہیونی حکومت کی جانب سے سومالیہ کو تقسیم کرنے کی کوششیں بین الاقوامی تعلقات میں ایک خطرناک مثال قائم کر رہی ہیں اور یہ اقوامِ متحدہ کے قانونی اور اخلاقی ڈھانچے پر کاری ضرب کے مترادف ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے عالمی برادری کے ساتھ ساتھ اسلامی اور افریقی ممالک پر زور دیا کہ وہ سومالیہ کی قومی خودمختاری کو کمزور کرنے کی کسی بھی کوشش کو روکنے کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دیں۔
واضح رہے کہ صہیونی حکومت نے کچھ عرصہ قبل سومالی لینڈ کو ایک آزاد ملک کے طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا، جس پر دنیا کے بیشتر ممالک نے منفی ردِعمل ظاہر کیا۔
آپ کا تبصرہ