اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورت کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ نے امریکی فضائی حملوں کو وینزویلا کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ سے فوری مداخلت کا مطالبہ کردیا۔
ایران نے وینزویلا پر امریکی حملوں کو فوری طور پر روکنے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے ہنگامی اور مؤثر اقدام کا مطالبہ کیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ نے وینزویلا کے خلاف امریکی فضائی حملوں کو صریح جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائیاں ایک خودمختار اور اقوام متحدہ کے رکن ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ سلامتی کونسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ وینزویلا پر امریکہ کی غیرقانونی یلغار کو فوری طور پر روکے۔ ایک آزاد ملک کے خلاف امریکی فوجی جارحیت نہ صرف علاقائی بلکہ بین الاقوامی امن و سلامتی کی سنگین خلاف ورزی ہے، جس کے نتائج پورے عالمی نظام پر مرتب ہوں گے اور اقوامِ متحدہ کے منشور پر مبنی بین الاقوامی نظام کو مزید کمزور کریں گے۔
بیان میں زور دیا گیا کہ واشنگٹن کے یہ اقدامات بین الاقوامی قانون کو پامال کرنے کے مترادف ہیں اور خطے و دنیا کے امن و استحکام کے لیے ایک سنجیدہ خطرہ بن چکے ہیں۔ ایسی جارحانہ پالیسیاں عالمی سطح پر عدم استحکام کو فروغ دیتی ہیں اور بین الاقوامی اصولوں کو نقصان پہنچاتی ہیں۔
بیان میں وینزویلا کی حکومت کے فطری حق دفاع پر بھی زور دیا گیا اور اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ بین الاقوامی قانون، امن اور استحکام کے اصولوں کے پابند رہتے ہوئے اس حملے کی دوٹوک مذمت کرے اور ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرائے۔
آپ کا تبصرہ