اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی زیر حراست میں ایک تصویر جاری کر دی ہے۔
فلوریڈا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ صدر مادورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلورس کو گرفتار کر کے امریکا منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں انہیں نیویارک میں فردِ جرم کا سامنا کرنا ہوگا۔ ٹرمپ کے مطابق امریکا وینزویلا کی تیل کی صنعت میں ’’انتہائی مضبوط‘‘ کردار ادا کرے گا۔
اس سے قبل امریکی صدر نے ایک اور بیان میں کہا تھا کہ امریکا نے وینزویلا کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی کامیابی سے انجام دی ہے، جس کے دوران صدر مادورو اور ان کی اہلیہ کو ملک سے باہر منتقل کر دیا گیا۔
تاہم وینزویلا کی حکومت کی جانب سے ان دعوؤں کی تاحال تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔ دوسری جانب دنیا کے متعدد ممالک نے وینزویلا پر امریکی فوجی کارروائی کو بین الاقوامی قوانین اور ملکی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔
بین الاقوامی مبصرین کے مطابق اس پیش رفت کے خطے اور عالمی سیاست پر سنگین اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔
آپ کا تبصرہ