10 دسمبر 2025 - 09:21
کسی کو خدا یا دیوی دیوتاؤں کی پوجا کرنے کے لیے کیسے مجبور کیا جا سکتا

 وندے ماترم کے 150 سال مکمل ہونے پر لوک سبھا میں بحث میں حصہ لیتے ہوئے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اور لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے کہا کہ آئین، فکر اور مذہب کی مکمل آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،  وندے ماترم کے 150 سال مکمل ہونے پربھارتی لوک سبھا میں بحث میں حصہ لیتے ہوئے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اور لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے کہا کہ آئین، فکر اور مذہب کی مکمل آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔ حب الوطنی کو کسی مذہب یا علامت سے جوڑنا آئین کے اصولوں کے خلاف ہے۔ اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ نے کہا کہ شہریوں کو کسی بھگوان سے عقیدت ظاہر کرنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا اور شہریوں سے وفاداری کے سرٹیفکیٹ کا مطالبہ نہیں کیا جانا چاہیے۔ وندے ماترم ہندوستان کا قومی گانا ہے، جس کا مطلب ہے "ماں، میں تجھے نمن کرتا ہوں یعنی تیری تعظیم میں جھکتا ہوں۔"

ایکس پر ایک پوسٹ میں، اویسی نے وندے ماترم کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر لوک سبھا میں خصوصی بحث کے دوران اپنی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا، "جب آئین کا پہلا صفحہ فکر، تقریر، عقیدہ، مذہب اور عبادت کی مکمل آزادی کی ضمانت دیتا ہے، تو کسی بھی شہری کو کس طرح مجبور کیا جا سکتا ہے کہ وہ کسی بھی مذہب کی تعظیم میں عبادت کرے یا جھک جائے؟"

اے آئی ایم آئی ایم لیڈر اسد الدین اویسی نے پیر کو کہا کہ حکومت کو مسلمانوں کو وندے ماترم پڑھنے یا کہنے پر مجبور نہیں کرنا چاہیے۔ تقریر، انتخاب اور اظہار رائے کی آزادی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی اور حکومت اس پر اصرار کرتی ہے تو یہ آئین کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہوگا۔

انہوں نے یہ ریمارکس لوک سبھا میں "قومی گیت وندے ماترم کے 150 سال" پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کیے۔ اویسی نے مزید کہا کہ حب الوطنی کو کسی ایک مذہب یا شناخت سے جوڑنا آئینی اصولوں کے خلاف ہے اور اس سے سماجی تقسیم بڑھے گی۔ ان کے بقول، آئین کسی دیوتا کے نام سے نہیں "ہم عوام" سے شروع ہوتا ہے۔

انہوں نے تمہید میں درج فکر، تقریر، عقیدہ اور عبادت کی آزادی کو جمہوریت کی بنیاد قرار دیا اور کہا کہ ریاست کسی ایک مذہب کی ملکیت نہیں ہو سکتی۔ دستور ساز اسمبلی میں ہونے والی بحثوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وندے ماترم سے متعلق تبدیلیوں پر غور کیا گیا، لیکن دیوی کے نام سے تمہید شروع کرنے کی تجویز کو کبھی قبول نہیں کیا گیا۔

حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ ہندوستانی مسلمان جناح کے سخت مخالف ہیں۔ اس لیے انہوں نے ہندوستان میں رہنے کا فیصلہ کیا۔ تاہم، انہوں نے مزید کہا کہ 1942 میں، جن لوگوں کی بہت تعریف کی جاتی ہے، ان میں سے کچھ کے سیاسی آباؤ اجداد نے شمال مغربی سرحدی صوبے، سندھ اور بنگال میں جناح کی مسلم لیگ کے ساتھ مخلوط حکومتیں بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم جناح کے سخت مخالف ہیں اسی لیے ہم ہندوستان (بھارت) میں ہی رہے۔ لیکن 1942 میں، آپ جن سیاسی آباؤ اجداد کی تعریف کرتے ہیں، انہوں نے شمال مغربی سرحدی صوبے، سندھ اور بنگال میں جناح کی مسلم لیگ کے ساتھ مخلوط حکومتیں قائم کیں۔ انہی حکومتوں نے دوسری جنگ عظیم میں انگریزوں کے لیے لڑنے کے لیے 150,000 مسلمانوں اور ہندوؤں کو برٹش انڈین آرمی میں بھرتی کیا۔

قانونی نظیروں کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے دلیل دی کہ وندے ماترم کو وفاداری کے جبری اقدام کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ اویسی نے کہا کہ اپنے ملک سے محبت ایک چیز ہے، لیکن حب الوطنی کو کسی مذہبی رسم یا کتاب سے جوڑنا آئین کے خلاف ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha