بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا || پاکستانی فوج کے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں تقریب کے دوران چیف آف ڈیفنس فورسرز (سی ڈی ایف) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تینوں مسلح افواج کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز میں بنیادی تبدیلی تاریخی ہے۔
عاصم منیر نے مزید کہا کہ ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز کا قیام اس تبدیل کی جانب ایک ضروری قدم ہے، ہر سروس اپنی آپریشنل تیاریوں کے لیے اپنی انفرادیت برقرار رکھے گی، ڈیفنس فورسز کا ہیڈکوارٹر سروسز کے آپریشن کو مربوط کرے گا، تینوں افواج اپنی اندرونی خودمختاری اور تنظیمی ڈھانچہ برقرار رکھیں گی۔
فیلڈ مارشل نے بھارت کو خبردار کیا کہ وہ کسی خود فریبی یا گمان کا شکار نہ رہے، اگلی بار پاکستان کا جواب اس سے بھی برق رفتار اور شدید ہوگا۔
آرمی چیف نے افغانستان کے حوالے سے کہا کہ طالبان حکومت کو پیغام بھیج دیا گیا ہے کہ فتنۃ الخوارج یا پاکستان میں سے کسی ایک کے انتخاب کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔
مزید کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے لیکن کسی کو بھی علاقائی سالمیت پر آنچ کی اجازت نہیں دیں گے، سب جان لیں کہ پاکستان تصور سے زیادہ ناقابل تسخیر ہے، پاکستان کی حفاظت ایمان سے سرشار جانبازوں اور متحدہ قوم کے پختہ عزم نے کر رکھی ہے۔
اس سے قبل، ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسرز (سی ڈی ایف) مقرر کیے جانے کے بعد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں تینوں مسلح افواج کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ بڑھتےخطرات کے سبب تینوں مسلح افواج متحدہ نظام کے ساتھ کام کریں، بڑھتے، بدلتے خطرات کے پیش نظر ملٹی ڈومین آپریشنز کو تینوں افواج کے متحدہ نظام کے تحت مزید بہتر کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
پاکستانی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افغانستان کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان حکومت کو فتنۃ الخوارج یا پاکستان میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہوگا جب کہ بھارت کو خبردار کیا کہ وہ کسی خود فریبی یا گمان کا شکار نہ رہے، اگلی بار پاکستان کا جواب اس سے بھی زیادہ برق رفتار اور شدید ہوگا۔
آپ کا تبصرہ