اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے خودکش حملہ آور کے ہینڈلر ساجد اللہ عرف شینا کا ویڈیو بیان بھی چلایا۔
ان کا کہنا تھا کہ خودکش حملہ آور ہائی سیکور جگہ پر نہیں پہنچ سکے، اسلام آباد کے مضافات میں پہلی جگہ ملی جسے خود کش حملہ آور نے ٹارگٹ کیا، انٹیلی جنس بیورو اور سی ٹی ڈی نے حملے کے فوری بعد چار ملزمان کو گرفتار کیا۔
تارڑنے کہا کہ انٹیلی جنس بیورو اور سی ٹی ڈی نے حملے کے 48 گھنٹے کے اندر ساجد اللہ عرف شینا، کامران خان، محمد ذالی اور شاہ منیر کو گرفتار کیا، ہینڈلر ساجد اللہ عرف شینا خودکش حملہ آور اور جیکٹ کو لے کر آیا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ساجد اللہ نے 2015ء میں تحریک طالبان افغانستان میں شمولیت اختیار کی، اس نے افغانستان کے اندر مختلف ٹریننگ کیمپس میں تربیت حاصل کی، 2023ء میں ساجد اللہ نے داد اللہ نامی شخص سے ملاقات کی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ اس حملے کی منصوبہ بندی فتنہ الخوارج اور ٹی ٹی پی کے سربراہ نور ولی محسود نے اپنے کمانڈر داد اللہ کے ذریعے کی، داد اللہ اس وقت افغانستان میں موجود ہے، ساجد اللہ عرف شینا نے اگست 2025ء میں داد اللہ سے افغانستان جا کر ملاقات کی۔
انہوں نے بتایا کہ ساجد اللہ اور داد اللہ ایک ایپ کے ذریعے آپس میں رابطے میں رہے، دہشت گردوں کا ٹارگٹ راولپنڈی اسلام آباد تھے، اللہ کا شکر ہے کہ ہم بڑے نقصان سے بچ گئے، ساجد اللہ عرف شینا نے افغانستان جا کر داد اللہ سے ملاقات کر کے خودکش حملے کی پلاننگ کی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ساجد اللہ نے محمد ذالی اور کامران خان کو ہائر کیا، اگست 2025ء میں ساجد اللہ شینا اور محمد ذالی افغانستان اکٹھے گئے داد اللہ سے ملاقات کیلئے، فتنہ الخوارج کے دہشت گرد عبداللہ جان عرف ابو حمزہ سے بھی ملے شیگل ضلع میں، شیگل سے یہ کابل پہنچے اور وہاں داد اللہ سے ملاقات ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ داد اللہ نے انہیں راولپنڈی اسلام آباد میں خودکش حملے کے حوالے سے نور ولی محسود کے احکامات پہنچائے، ساجد اللہ عرف شینا نے پاکستان کے اندر واپس آ کر خودکش حملہ آور عثمان شنواری سے ملاقات کی، عثمان شنواری ننگر ہار افغانستان کا رہائشی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عثمان شنواری کو خودکش جیکٹ لا کر دی گئی اور اسے تمام مواد فراہم کیا اور اس نے جی الیون میں خودکش حملہ کیا، دہشت گرد بڑا نقصان کرنا چاہتے تھے لیکن یہ اس میں ناکام رہے، دہشت گرد اپنے ٹارگٹ تک نہیں پہنچ سکے، ساجد اللہ عرف شینا نے خودکش حملہ آؤر کو خودکش جیکٹ فراہم کی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ تمام تر منصوبہ افغانستان سے ہوئی، ساجد اللہ عرف شینا مرکزی ملزم ہے، یہ تحریک طالبان کا رکن رہا ہے، پریس کانفرنس کے دوران ساجد اللہ عرف
شینا کا اعترافی بیان بھی دکھایا گیا، خودکش حملہ آور افغانستان کا رہائشی ہے، پکڑے گئے دہشت گردوں کا اس خودکش حملے میں کسی نہ کسی طرح حصہ تھا۔
اسلام آباد کے اندر بڑا نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی، اس واقعہ کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں، ہماری سیکورٹی ایجنسیاں، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پاک فوج پوری طرح الرٹ ہیں، تمام حقائق ہم نے قوم کے سامنے رکھے ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ یہ ایک بڑی کامیابی ہے، اس سے دہشت گردی کے خاتمے میں بہت مدد ملے گی، شہریوں کی حفاظت کے لئے ہم تمام تر اقدامات اٹھائیں گے، وزیراعظم شہباز شریف کا شہریوں کے تحفظ پر بہت بڑا فوکس ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج مکمل طور پر متحرک ہیں، وزیراعظم نے انٹیلی جنس بیورو اور سی ٹی ڈی کی کامیابی کو سراہا ہے۔
آپ کا تبصرہ