18 مارچ 2010 - 20:30

ایرانی حکومت نے اپنے شہریوں پر بی بی سی،ہیومن رائٹس واچ،اپوزیشن کی ویب سائٹز اور امریکی فنڈز سے چلنے والے نشریاتی اداروں سمیت ساٹھ سے زائد ملکی اور غیر ملکی اداروں اور تنظیموں سے روابط پر پابندی عائد کردی ہے۔

ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق خارجہ امور کے انچارج نائب وزیرسراغرسانی کا کہنا ہے کہ جن ساٹھ گروپوں کو بلیک لسٹ قراردیا گیا ہے۔وہ مغربی حکومتوں کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت کو تبدیل کرنے کے لئے برپا کی جانے والی ''نرم جنگ'' کا حصہ ہیں اور ان کے ساتھ کسی قسم کا تعلق رکھنا ایک جُرم ہوگا.نائب وزیرسراغرسانی نے جن اداروں اور تنظیموں کو بلیک لسٹ قراردیا ہے،ان میں امریکی حکومت کے فنڈز سے چلنے والے ریڈیو چینل وائس آف امریکا اور ریڈیو فردا،امریکا میں قائم شاہ کے حامی سیٹلائٹ ٹی وی چینلز،اسرائیلی پبلک ریڈیواور کالعدم مجاہدین خلق تنظیم شامل ہیں.اس کے علاوہ عالمی نشریاتی اداروں کی طرف سے فارسی میں نشر ہونے والے پرگراموں اور آن لائن معلومات تک رسائی پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے.ایران کی وزارت سراغ رسانی نے ایسے افراد کو بھی خبردار کیا ہے، جو غیر قانونی طور پر غیر ملکی سفارت خانوں سے رابطے میں ہیں۔