26 اکتوبر 2025 - 17:10
نیویورک انتخابات میں اسلام مخالف مہم شدت اختیار کر گئی، نائب امریکی صدر کے بیانات پر سیاسی طوفان

نیویورک کے میئر کے انتخابی معرکے کے آخری دنوں میں مسلمان امیدوار زہران ممدانی کے خلاف اسلام مخالف بیانات نے امریکہ میں سیاسی تناؤ بڑھا دیا ہے، جبکہ نائب صدر جے ڈی ونس کے طنزیہ تبصرے نے تنازع کو نئی سطح پر پہنچا دیا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، نیویورک کی میئرشپ کے انتخابی دوڑ کے آخری ایام میں، مسلمان امیدوار زہران ممدانی کو نشانہ بنانے والی اسلام مخالف مہم نے شدید ردعمل کو جنم دیا ہے۔ ممدانی، جو ڈیموکریٹک پارٹی کے نمایاں امیدوار اور ممکنہ طور پر شہر کے پہلے مسلمان میئر ہو سکتے ہیں، حالیہ دنوں میں اسلام دشمن حملوں کا ہدف بنے ہوئے ہیں۔

امریکہ کے نائب صدر جے ڈی ونس نے ایک سماجی رابطے کے پلیٹ فارم پر پیغام میں ممدانی کی اُن باتوں کا مذاق اڑایا جن میں انہوں نے 11 ستمبر کے بعد بڑھتی ہوئی اسلام دشمنی کا ذکر کیا تھا۔ ونس نے ممدانی پر الزام لگایا کہ وہ دہشت گرد حملوں کے متاثرین کے بجائے اپنے مسلمان رشتہ دار کے احساسِ خوف پر بات کر رہے ہیں۔ یہ بیان فوراً ہی سابق صدر ٹرمپ کے حامی حلقوں میں مقبول ہوا، جنہوں نے پہلے بھی ممدانی کو "کمیونسٹ" کہہ کر بدنام کیا اور گرفتاری کی دھمکیاں دی تھیں۔

ممدانی نے جمعہ کے روز برانکس کی ایک مسجد کے باہر پُرجوش خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اُن کی ایک رشتہ دار نے 11 ستمبر کے بعد نفرت پر مبنی حملوں کے خوف سے باحجاب ہو کر میٹرو میں سفر کرنا چھوڑ دیا تھا۔ اُنہوں نے کہا کہ اسلام مخالف جذبات ایک بار پھر امریکی سیاست میں ابھر رہے ہیں، اور ریپبلکن سیاست دان "اسلام پر سستے لطیفے" بنا کر امتیازی رویوں سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔

یہ خطاب سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوا اور چند گھنٹوں میں 90 لاکھ سے زائد افراد نے دیکھا۔ کئی مبصرین نے اس تقریر کا موازنہ باراک اوباما کے 2008ء میں نژاد پرستی کے موضوع پر تاریخی خطاب سے کیا۔

دوسری جانب، ونس اور ٹرمپ کے اتحادیوں نے حملوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ ریپبلکن رکن کانگریس ایلیس استفانک نے ممدانی کو ایک ٹی وی پروگرام میں "جہادی" کہا، جبکہ ٹرمپ انتظامیہ کے ایک سابق عہدیدار نے جلتے ہوئے ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی تصویر شیئر کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ "شہر کو بچانے کے لیے" اینڈریو کومو کو ووٹ دیں۔

ڈیموکریٹک رہنماؤں نے ان بیانات کو "بےرحمانہ" اور "سانحۂ 11 ستمبر کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی قابلِ مذمت کوشش" قرار دیا۔

ممدانی نے بعدازاں گیارہ ستمبر کے متاثرین کی یادگار تقریب میں شرکت کرتے ہوئے تمام الزامات مسترد کیے اور کہا:

"میں اب اپنی شناخت کو سایوں میں نہیں چھپاؤں گا۔ میں اپنے اسلامی ایمان پر فخر کرتا ہوں اور اسی پر قائم رہوں گا۔"

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha