اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، ہیکرز نے کینیڈا اور امریکہ کے چار ایئرپورٹس کے عوامی صوتی نظام پر قبضہ کرکے حماس کے حق میں اور سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف پیغامات نشر کیے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، نامعلوم سائبر گروپس نے ایئرپورٹس کے پبلک اناؤنسمینٹ سسٹمز کو ہیک کر کے غیر ملکی زبان میں پیغامات اور موسیقی نشر کی۔
کینیڈا کی رائل ماؤنٹڈ پولیس (RCMP) نے تصدیق کی کہ صوبہ برٹش کولمبیا کے کلونا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے صوتی نظام کو کچھ دیر کے لیے ہیک کیا گیا، جس دوران غیر مجاز مواد نشر ہوا۔
اسی طرح، ویکٹوریا انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں بھی ہیکرز نے ایک تھرڈ پارٹی سافٹ ویئر کے ذریعے رسائی حاصل کر کے غیر ملکی زبان میں پیغامات نشر کیے۔ ترجمان کے مطابق، جیسے ہی حملے کا پتہ چلا، ایئرپورٹ کے اندرونی سسٹم کو فعال کر کے کنٹرول دوبارہ حاصل کر لیا گیا۔کینیڈین سائبر سکیورٹی سینٹر اور وفاقی پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
امریکہ میں، ہیریسبرگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ (پنسلوانیا) بھی اسی نوعیت کے سائبر حملے کا نشانہ بنا۔ امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے کہا کہ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) اور متعلقہ حکام اس واقعے کی چھان بین کر رہے ہیں۔
علاوہ ازیں، اونٹاریو کے ونڈسر انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں نہ صرف لاؤڈ اسپیکر سسٹم بلکہ فلائٹ انفارمیشن ڈسپلے اسکرینز بھی ہیک کر لی گئیں، جن پر غیر مجاز تصاویر اور پیغامات دکھائے گئے۔حکام کے مطابق، تمام متاثرہ ایئرپورٹس میں سکیورٹی سسٹمز کو مضبوط بنانے اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچاؤ کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
آپ کا تبصرہ