4 اکتوبر 2025 - 09:28
مآخذ: ابنا
اٹلی میں فلسطین کے حق میں بڑے پیمانے پر مظاہرے اور ہڑتال، ہزاروں افراد کی شرکت

اٹلی کے دارالحکومت روم سمیت کئی شہروں میں جمعہ کے روز ہزاروں افراد نے فلسطینی عوام اور غزہ جانے والے امدادی قافلے الصمود فلیٹ کے حق میں احتجاجی مظاہرے کیے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق،اٹلی کے دارالحکومت روم سمیت کئی شہروں میں جمعہ کے روز ہزاروں افراد نے فلسطینی عوام اور غزہ جانے والے امدادی قافلے الصمود فلیٹ کے حق میں احتجاجی مظاہرے کیے۔ مظاہرین نے اسرائیلی جارحیت اور قافلے میں شامل کارکنان کی گرفتاری کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ملک گیر ہڑتال بھی کی گئی۔

فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق مظاہروں کا آغاز جمعہ کی صبح روم کے مرکزی ریلوے اسٹیشن "ترمینی" سے ہوا، جس کے نتیجے میں ٹرینوں کی آمد و رفت شدید متاثر ہوئی۔ کئی ٹرینیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئیں، جب کہ دیگر شہروں جیسے میلان میں بھی ریلوے سروس میں خلل آیا۔

یہ مظاہرے اور ہڑتالیں اٹلی کی بڑی تجارتی یونینز USB اور CGIL کی کال پر منعقد کی گئیں۔ CGIL کے صدر موریزیو لاندینی نے کہا کہ "آج کا دن عوامی اتحاد کا دن ہے، اور ہم سب مل کر فلسطین کے لیے آواز بلند کریں گے۔"

اٹلی کی معروف خبررساں ایجنسی AGI کے مطابق، صرف جمعہ کے روز روم اور دیگر شہروں میں 10 ہزار سے زائد افراد نے احتجاج میں شرکت کی۔ اس سے ایک دن قبل بھی، ملک بھر میں فلسطین کے حق میں اور اسرائیلی حملے کے خلاف بڑے پیمانے پر ریلیاں نکالی گئی تھیں۔

مظاہرین نے غزہ پر عائد غیر انسانی محاصرے کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا اور عالمی برادری سے اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔

واضح رہے کہ "ناوگان الصمود" نامی امدادی قافلہ، جس میں 50 سے زائد کشتیاں شامل تھیں، غزہ کا محاصرہ توڑنے اور انسانی امداد پہنچانے کے لیے روانہ ہوا تھا، جس پر اسرائیلی افواج نے حملہ کر کے کئی کارکنان کو حراست میں لے لیا۔

اسرائیل نے اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ قافلے میں شامل تمام غیر ملکی افراد کو ان کے ممالک واپس بھیجا جائے گا، تاہم بین الاقوامی حلقوں کی جانب سے اس کارروائی کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا جا رہا ہے۔

ادھر غزہ محاصرہ توڑنے کے لیے سرگرم بین الاقوامی کمیٹی نے رپورٹ دی ہے کہ الصمود فلیٹ میں شریک بعض گرفتار کارکنان نے اپنی حالتِ زار کے خلاف غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha