بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، امریکی نیوز پورٹل آکسیوس نے انکشاف کیا ہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک نیا ایگزیکٹیو آرڈر پر دستخط کیے ہیں جس کے مطابق قطر پر کسی بھی قسم کا حملہ براہِ راست امریکہ کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ تصور کیا جائے گا۔
آکسیوس کے مطابق، یہ اقدام غزہ کی جنگ کے خاتمے اور قطر کو اسرائیلی حملے کے معاوضے کے طور پر ایک نئے سیکورٹی انتظام کا حصہ ہے۔ اس حکم نامے کے ذریعے واشنگٹن اور قطر کے درمیان سلامتی کے تعلقات کو ایک نئی اور غیر معمولی سطح تک بڑھا دیا گیا ہے۔
نئے حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر قطر کی سرزمین، خودمختاری یا اہم تنصیبات پر کوئی مسلح حملہ ہوتا ہے تو امریکہ اسے اپنی سلامتی اور امن کے لیے خطرہ سمجھے گا اور اس کے جواب میں تمام ممکنہ اقدامات کرے گا۔ ان اقدامات میں سفارتی، اقتصادی اور ضرورت پڑنے پر فوجی کارروائی بھی شامل ہوگی تاکہ امریکہ اور قطر کے مفادات کا دفاع کیا جا سکے اور خطے میں امن و استحکام بحال ہو۔
یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب پیر کے روز اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نتانیاہو نے وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ سے ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے قطر کے امیر سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے دوحہ پر فضائی حملے اور وہاں موجود حماس رہنماؤں کی رہائش گاہوں کو نشانہ بنانے پر معذرت بھی کی۔
آپ کا تبصرہ