22 ستمبر 2025 - 16:11
کشتی ’’دیر یاسین‘‘ پر ڈرونز کی پرواز، غزہ کی جانب سفر جاری

غزہ کا محاصرہ توڑنے کے لیے روانہ عالمی بیڑے کا حصہ ’’دیر یاسین‘‘ کشتی پر تین ڈرونز کی پرواز ریکارڈ کی گئی ہے، تاہم کارکنوں نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی صورتحال کے لیے تیار ہیں اور اپنے سفر کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق جہازوں کا قافلہ صمود  جو عالمی بیڑے کا حصہ ہے، نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کی طرف روانہ کشتی ’’دیر یاسین‘‘ کے اوپر تین ڈرونز پرواز کرتے دیکھے گئے، جن میں سے ایک کشتی کے قریب بھی آیا۔

بیڑے کے ترجمان وائل نوار نے فیس بک پر لکھا کہ ’’ہماری کشتی کے اوپر تین ڈرونز پرواز کر رہے ہیں، جن میں سے ایک کافی قریب آ گیا ہے۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سے قبل بھی ہفتہ کی رات ایک ڈرون بیڑے کے اوپر پرواز کرتا دیکھا گیا تھا تاکہ علاقے کا جائزہ لیا جا سکے۔

’’دیر یاسین‘‘ کشتی چھ روز قبل تیونس کی بندرگاہ سے روانہ ہوئی تھی اور اب یونان کے قریب بین الاقوامی پانیوں میں موجود ہے۔ نوار کے مطابق یہ کشتی بیڑے کے آگے موجود ہے اور دیگر کشتیوں سے ہم آہنگی کے لیے اپنی رفتار کم کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’’شرکا کسی بھی منظرنامے کے لیے تیار ہیں، حالات کی سختیوں اور محدود سہولتوں کے باوجود ہمارا حوصلہ بلند ہے اور ہم عزم کے ساتھ غزہ کی جانب بڑھ رہے ہیں۔‘‘

نوار نے امید ظاہر کی کہ دنیا بھر سے غزہ کی طرف بڑھنے والی ۵۰ کشتیوں کی آمد جنگ کو روکنے اور محاصرہ ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی، اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ غزہ میں جاری قتل و غارت، نسل کشی، جبری بے دخلی اور بھوک کے مناظر پر خاموش نہ رہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha