بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق،افریقی ملک بورکینا فاسو سے تعلق رکھنے والے ممتاز اسلامی مفکر اور عالمِ دین عبداللہ ودراگو نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران فلسطین کے مسئلے پر جس جرأت مندانہ اور اصولی مؤقف پر قائم ہے، وہ عالمِ اسلام کے لیے قابلِ تقلید ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پوری امت مسلمہ ایران کی طرز پر فلسطین کی آزادی کے لیے فیصلہ کن اور عملی قدم اٹھائے، تو یہ دیرینہ خواب ضرور شرمندۂ تعبیر ہو گا۔
انہوں نے یہ بات تسنیم نیوز ایجنسی سے خصوصی گفتگو میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام کا بنیادی پیغام ہی اتحاد و یکجہتی ہے۔ قرآن مجید اور رسول اللہ ص کی واضح تعلیمات ہمیں فرقہ واریت اور تفرقے سے بچنے اور ایک امت بننے کی تلقین کرتی ہیں۔
عبداللہ ودراگو نے کہا کہ ایران وحدتِ اسلامی کے لیے عملی کوششوں میں سب سے آگے ہے۔ انہوں نے کہا:ایران ایک ایسا ملک ہے جو تمام مسلمانوں کی بھلائی اور فلاح چاہتا ہے۔ یہ ملک نہ صرف امت مسلمہ کا دفاع کرتا ہے بلکہ دشمنوں کی سازشوں کا مقابلہ بھی کرتا ہے۔ اگر دیگر اسلامی ممالک بھی اسی طرز عمل کو اپنائیں تو امت مسلمہ ایک مضبوط اور باوقار قوت بن سکتی ہے۔
افریقی عالم نے فلسطین کے مسئلے پر اسلامی دنیا کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ:فلسطین امت مسلمہ کا اولین مسئلہ ہے، مگر بدقسمتی سے اکثر اسلامی ممالک اس پر کوئی واضح اور عملی مؤقف نہیں اپناتے۔ اس کے برعکس ایران واحد ملک ہے جو مسلسل فلسطینیوں کی حمایت کرتا آیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایران آج دنیا بھر کے مسلمانوں اور حریت پسندوں کے لیے ایک مثالی نمونہ بن چکا ہے۔
انہوں نے ایران کی جانب سے ہرسال منعقد کی جانے والی بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ:یہ کانفرنس اس بات کا ثبوت ہے کہ ایران گزشتہ چالیس برس سے امت کے اتحاد کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہا ہے۔ مختلف ممالک کے علما اور مفکرین کو ایک جگہ جمع کرنا، مسائل کا حل تلاش کرنا اور ایک مؤقف پر آنا، وحدتِ اسلامی کے لیے نہایت مؤثر اور اہم قدم ہے۔
آپ کا تبصرہ