15 جون 2009 - 19:30

دوسری طرف سے غزہ میں مزاحمت پسند گروپ جنوبی اسرائیل پر راکٹ حملے نہ کرنے پرمتفق ہوگئے ہیں۔

غزہ پر اسرائیلی طیاروں کے فضائی حملے میں سات فلسطینی زخمی ہوگئے۔اسرائیلی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ حملہ غزہ سے اسرائیلی بستی پر کئے گئے راکٹ حملے کے بعد کیا گیا۔ترجمان کے مطابق فضائی حملے میں شمالی اور وسطی غزہ میں دو اسلحہ بنانے والی فیکٹریوں اور مصر کی سرحد کے ساتھ ایک سرنگ کو نشانہ بنایا گیا۔اسرائیل کا کہنا ہے کہ فلسطینی ایسی سرنگوں کے ذریعے مصر سے اسلحہ لاتے ہیں۔  دریں اثناء غزہ میں مزاحمت پسند گروپ جنوبی اسرائیل پر راکٹ حملے نہ کرنے پرمتفق ہوگئے ہیں۔اسلامی مزاحمتی تنظیم حماس نے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں مزاحمت پسند گروپوں نے اپنے قصبوں کوجوابی حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے جنوبی اسرائیل پرراکٹ حملے نہ کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔حماس کے وزیر داخلہ فتحی حماد نے صحافیوں کو بتایا کہ غزہ کے تمام مزاحمتی گروپ جنگ بندی پر متفق ہوگئے ہیں۔ حماس نے جنوری میں غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے بعدراکٹ حملے روک دیے تھے۔جبکہ غزہ کے دیگر مزاحمتی گروپوں کی جانب سے اسرائیل پر چھوٹے راکٹ حملوں کا سلسلہ جاری تھا۔