10 اگست 2025 - 16:37
"غزہ پر مکمل قبضے کا صہیونی منصوبہ — 24 اسلامی و عرب ممالک کا متفقہ اور شدید ردعمل"

"صہیونی حکومت کی جانب سے غزہ پر مکمل قبضے کی تجویز پر متعدد اسلامی ممالک کا شدید ردعمل، منصوبہ یکسر مسترد"

اہل بیت (ع)  نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، نتن یاہو حکومت کی جانب سے غزہ پر مکمل قبضے اور فلسطینیوں کو جبری بے دخل کرنے کے منصوبے کے اعلان کے بعد دنیا بھر میں شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔

24 اسلامی و عرب ممالک نے ایک مشترکہ بیان میں اسرائیلی حکومت کے اس فیصلے کی سخت مذمت کی ہے، جس کے تحت غزہ پٹی پر ’’مکمل فوجی کنٹرول‘‘ نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

یہ بیان عرب و اسلامی ممالک کے غیر معمولی مشترکہ اجلاس کے بعد غزہ کی تازہ صورتِ حال کا جائزہ لینے کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی کی جانب سے جاری کیا گیا۔

کمیٹی میں اردن، بحرین، مصر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کویت، عمان، انڈونیشیا، نائیجیریا، فلسطین، قطر، ترکیہ، بنگلہ دیش، چاڈ، جیبوتی، گیمبیا، لیبیا، ملیشیا، موریطانیہ، پاکستان، صومالیہ، سوڈان اور یمن شامل ہیں، جب کہ عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم (OIC) جیسی بین الاقوامی تنظیمیں بھی اس کا حصہ ہیں۔

بیان میں اسرائیلی فیصلے کو خطرناک، بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور طاقت کے ذریعے غیر قانونی قبضے کو مضبوط کرنے کی کوشش قرار دیا گیا۔

مزید کہا گیا کہ یہ اقدام اسرائیل کی جاری سنگین خلاف ورزیوں کا تسلسل ہے، جن میں قتلِ عام، فلسطینی عوام کو بھوکا رکھنا، جبری بے دخلی کی کوششیں، فلسطینی اراضی کا الحاق اور صہیونی آبادکاروں کا پرتشدد رویہ شامل ہیں۔

مشترکہ بیان میں خبردار کیا گیا کہ اسرائیلی پالیسی کسی بھی ممکنہ امن کی امید کو تباہ کر رہی ہے، خطے اور دنیا کی جنگ بندی کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہی ہے اور فلسطینی عوام کی مشکلات میں اضافہ کر رہی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha