اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، اسپیس ایکس کا سب سے طاقتور اور اب تک کا سب سے بڑا راکٹ ’اسٹارشپ‘ اپنی نویں تجرباتی پرواز کے دوران ایک بار پھر ناکام ہو گیا۔ یہ راکٹ جو ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کی طرف سے تیار کیا گیا ہے، اسے مستقبل میں مریخ پر انسانی کالونی بسانے کے خواب کو پورا کرنے کے لیے اہم قدم مانا جا رہا تھا۔
یہ غیر انسانی مشن امریکہ کے ریاست ٹیکساس سے کامیابی کے ساتھ لانچ کیا گیا، مگر پرواز کے دوران کئی مسائل پیدا ہو گئے۔ پرواز کے ابتدائی لمحات میں سب کچھ معمول کے مطابق تھا لیکن خلا میں پہنچنے کے بعد اسٹارشپ کے کچھ حصے خراب ہو گئے۔ اسپیس ایکس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق راکٹ کی واپسی سے قبل وہ خلا میں تیزی سے بکھر گیا اور اس کے ملبے کا زیادہ تر حصہ بحر ہند میں گرا۔
اسٹارشپ کا مقصد اس مرتبہ ایک ڈیمو مشن کے طور پر کچھ جعلی اسٹارلنک سیٹلائٹ خلا میں چھوڑنا تھا، مگر راکٹ کے ’پے لوڈ بے‘ کا دروازہ مکمل طور پر نہیں کھل سکا جس کے باعث یہ سیٹلائٹس مقررہ مقام پر نصب نہیں کی جا سکیں۔ لانچ کے تقریباً 30 منٹ بعد اسپیس ایکس نے تصدیق کی کہ راکٹ کے ایندھن کے ٹینک میں رساؤ ہو رہا ہے، جس کے باعث راکٹ قابو سے باہر ہو گیا اور غیر متوقع انداز میں گھومنے لگا۔
راکٹ کا پہلا مرحلہ، یعنی سپر ہیوی بوسٹر، منصوبہ تھا کہ میکسیکو کی خلیج میں اترے گا، مگر وہ بھی وقت سے پہلے ہی پھٹ گیا۔ کمپنی نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا کہ یہ پرواز پہلے سے زیادہ دلچسپ اور سیکھنے کا موقع تھی۔ اسپیس ایکس نے کہا کہ وہ ڈیٹا کا تجزیہ جاری رکھے گی تاکہ مستقبل میں اسٹارشپ کی کارکردگی اور قابل اعتماد ہونے کو بہتر بنایا جا سکے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے ہونے والی دو آزمائشی پروازیں بھی آغاز کے کچھ دیر بعد ہی تباہ ہو گئی تھیں، مگر اس مرتبہ اسٹارشپ کم از کم خلا کی حدود تک پہنچنے میں کامیاب رہا، جو کمپنی کے لیے ایک جزوی کامیابی تصور کی جا رہی ہے۔ تاہم، مجموعی طور پر یہ مشن ناکام رہا اور ایلون مسک کے مریخ مشن کو ایک اور دھچکا لگا ہے۔
اسپیس ایکس نے اس ناکامی کے باوجود امید ظاہر کی ہے کہ اس تجربے سے سیکھ کر اگلی پروازوں کو زیادہ محفوظ اور مؤثر بنایا جا سکے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110

اسپیس ایکس کا سب سے بڑا اور طاقتور راکٹ 'اسٹارشپ' ایک اور تجرباتی پرواز میں ناکام، خلا میں بکھر گیا، منصوبہ تھا کہ مصنوعی سیارے چھوڑے جائیں مگر راکٹ قابو سے باہر ہو گیا۔
آپ کا تبصرہ