اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق صرف شمالی غزہ میں غاصب صہیونیوں کے حملوں کے نتیجے میں 69 فلسطینی شہید ہوئے، بعض صہیونی ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ شہداء میں القسام بریگیڈ کے کمانڈر محمد السنوار بھی شامل ہیں جنہیں خان یونس میں نشانہ بنایا گیا لیکن دونوں فریقوں کے ذمہ دار حلقوں کی طرف سے اس کی تصدیق نہيں ہو سکی ہے۔
محمد السنوار، شہید یحییٰ السنوار کے بھائی ہیں جو یحییٰ کے بعد القسام کی بریگیڈز کی قیادت کر رہے ہیں۔
گذشتہ تین روز میں غاصب صہیونی ریاست کی بمباریوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 300 سے زائد ہوچکی ہے۔
ادھر مشرق وسطی کے لئے امریکہ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وِٹکوف نے کہا ہے کہ وہ اسرائیل اورحماس پر عارضی جنگ بندی پیشکش قبول کرنے کیلئے دباؤ ڈال رہے ہیں، نئی تجویز کے مطابق نصف زندہ اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کے بدلے 40 سے 60 روز کی جنگ بندی شامل ہے، جبکہ صہیونی فوج کا کہنا ہے کہ اسں نے شمالی اور جنوبی غزہ میں بڑے پیمانے پر زمینی کارروائی شروع کر دی ہے۔
قابض افواج نے غزہ کے مختلف علاقوں میں فلسطینیوں کو دھمکی دی ہے کہ وہ علاقے خالی کردیں، شمالی غزہ پر بمباری سے تمام اسپتال غیر فعال ہوچکے ہیں۔
صہیونی حملوں میں شدت ایسے موقع پر بڑھ گئی ہے جب قطر میں صہیونی ریاست اور حماس کے درمیان جنگ بندی مذاکرات دوبارہ شروع ہوگئے ہیں۔
صہیونی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اشارہ دیا غاصب ریاست حماس کے ساتھ ایک معاہدے کے لیے تیار ہے جس میں غزہ میں "لڑائی کا خاتمہ" بھی شامل ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ