19 اگست 2016 - 15:12
انقرہ نے کیا اپنی غلطیوں کا کھلے عام اعتراف

ترکی کے نائب وزیر اعظم نے اعتراف کیا ہے کہ اس وقت بہت سے ایسے مسائل و مشکلات کہ جنکا انقرہ کو سامنا کرنا پڑ رہا ہے، شام کے سلسلے میں ان کے ملک کی پالیسیوں کا نتیجہ ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ یہ پہلی بار ہے کہ ترکی کے کسی اعلی عہدیدار نے شام سے متعلق انقرہ کی پالیسیوں میں ایک طرح سے پائی جانے والی غلطیوں کا اس طرح سے کھلے الفاظ میں اعتراف کیا ہے۔ ترکی کے اخبارات کے حوالے سے ارنا نے جمعے کے روز رپورٹ دی ہے کہ ترکی کے نائب وزیر اعظم نعمان کورتولموش نے اپنا یہ بیان، پندرہ جولائی کی ناکام بغاوت کے بعد ترکی کے یونیورسٹی اساتذہ اور نامہ نگاروں کے اجتماع میں اپنے ملک کی صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے دیا۔ انھوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں طاقت کے استعمال اور بیرونی دباؤ سے ہٹ کر شامی عوام کے لئے کوئی قابل قبول راہ حل تلاش کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اس سے قبل ترکی کے وزیر اعظم بن علی یلدرم نے بھی بدھ کے روز اپنے ملک کے سرکاری ٹی وی سے ایک خطاب میں شام کی ارضی سالمیت کے تحفظ کی اہمیت پر تاکید کرتے ہوئے کہا تھا کہ شام میں ایک ایسے نظام حکومت کی ضرورت ہے کہ جس میں تمام لوگوں کی شمولیت ممکن ہو اور وہ اندرون و بیرون ملک، امن کا عمل شروع کر سکے۔ انھوں نے کہا کہ ترکی اس سلسلے میں ایران، روس اور اپنے تمام شرکاء کے ساتھ قریبی تعاون کر رہا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲